تعمیراتی کاموں کا عنقریب آغاز، جی ایچ ایم سی سے کاموں کی منظوری
حیدرآباد۔28فروری (سیاست نیوز) چارمینار بس اسٹینڈ کی جگہ ملٹی لیول پارکنگ کامپلکس کی تعمیر کے کاموں کا عنقریب آغاز کردیا جائے گا اور اس جگہ پر زائد از 300 موٹر کاروں کی پارکنگ کو یقینی بنانے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔ چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کے سلسلہ میں جاری ترقیاتی کاموں کا حصہ موتی گلی اور چارمینار بس اسٹینڈ میں ملٹی لیول پارکنگ کامپلکس کی تعمیر بھی شامل ہے اور اس منصوبہ کو عملی جامہ پہنانے کی حکمت عملی تیار کرلی گئی ہے۔ حکومت اور مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے دونوں مقامات پر چارمینار پہنچنے والے سیاحوں اور گاہکوں کے لئے پارکنگ کے انتظامات کو یقینی بنانے کے لئے پارکنگ کامپلکس کی تعمیر کے کاموں میں تیزی لانے کا فیصلہ کیا ہے اور ان کاموں کو منظوری دے دی گئی ہے۔ بتایا جاتاہے کہ حکومت کے محکمہ بلدی نظم و نسق نے دونوں پارکنگ کامپلکس کی تعمیرکی منظوری دیتے ہوئے تعمیر میں حائل تمام رکاوٹوں کو دور کردیا ہے۔ موتی گلی میں ملٹی لیول پارکنگ کامپلکس کی تعمیر کا عرصہ ٔ دراز قبل ہی سنگ بنیاد رکھا جا چکا ہے لیکن مختلف تکنیکی خامیوں اور ٹنڈر کی طلبی کے بعد تعمیری کاموں میں رکاوٹوں کے سبب یہ کامپلکس کی تعمیر تعطل کا شکار ہوئی تھی لیکن اب محکمہ بلدی نظم و نسق کی جانب سے منظوری فراہم کئے جانے کے بعد فوری بس اسٹینڈ کے انہدام اور خزانہ ٔ عامرہ خلوت کی جگہ کی صفائی کے انتظامات کو ممکن بنانے کا عمل شروع کردیا جائے گا۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیداروں نے بتایا کہ ان مقامات پر ملٹی لیول پارکنگ کامپلکس کی تعمیر سے چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کی تکمیل کے بعد چارمینار پہنچنے والے سیاحوں اور اطراف کے تاجرین کے پاس پہنچنے والے گاہکوں کے لئے سہولت فراہم کی جائے گی۔ بلدی عہدیداروں کا کہناہے کہ اطراف کے علاقوں کے مکینوں اور تاجرین کیلئے بھی یہ پارکنگ کامپلکس کافی سود مند ثابت ہوں گے۔ جی ایچ ایم سی نے دونوں پارکنگ کامپلکس کی عوامی خانگی شراکت داری کے ذریعہ تعمیر کو ممکن بنانے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ ان تعمیراتی کاموں کو جاریہ سال ڈسمبر سے قبل مکمل کیا جاسکے ۔ چارمینار کے اطراف راستے مکمل طور پر بند کردیئے جانے کے بعد صورتحال میں یکسر تبدیلی ریکارڈ کی جارہی ہے اور کہا جا رہاہے کہ پارکنگ کے لئے ہونے والی تکالیف کو فی الفور حل کیا جانا ناگزیر ہے اسی لئے جی ایچ ایم سی کی جانب سے پراجکٹ کے تعمیری و ترقیاتی کاموں کے ساتھ ساتھ پارکنگ کے مسائل کو حل کرنے کے لئے بھی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔