چارمینار برقی اے ڈی آفس کی منتقلی کا منصوبہ

کیفے ٹریا یا بیت الخلاء تعمیر کی تجویز، محکمہ برقی اور محکمہ بلدی نظم و نسق کے درمیان بات چیت
حیدرآباد۔22جولائی (سیاست نیوز) چارمینار کے دامن میں موجود قدیم محکمہ برقی کے دفتر کو بہت جلد منتقل کردیا جائے گا اور اس بلدی دفتر کی جگہ سیاحوں کے لئے کیفیٹیریا معہ بیت الخلاء تعمیر عمل میں لائی جائے گی۔ چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کے سلسلہ میں تیار کردہ منصوبہ کے تحت محکمہ برقی تلنگانہ اسٹیٹ سدرن پاؤر ڈسٹریبیوشن کمپنی لمیٹیڈ کے دفتر کی منتقلی عمل میں لانے کے اقدامات شروع کئے جا چکے ہیں اور کہا جار ہا ہے کہ اس سلسلہ میں محکمہ برقی اور محکمہ بلدی نظم و نسق کے عہدیداروں کے درمیان مشاورت کا عمل بھی شروع کیا جاچکا ہے۔ حکومت تلنگانہ کی جانب سے چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کے تعمیری و ترقیاتی کاموں کو تیز کئے جانے کے بعد مکمل منصوبہ میں معمولی ترمیم کے بعد صورتحال کو بہتر بنانے کی حکمت عملی تیار کی جاچکی ہے اور اسی منصوبہ کے تحت محکمہ برقی کے چارمینار اے ڈی ای کے دفتر کو منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور کہا جا رہا ہے کہ ہائی کورٹ کے قریب یا پھر نیا پل پر واقع محکمہ برقی کے دفترمیں اے ڈی ای کے دفتر کو منتقل کیا جائے گا۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے کئے جانے والے اقدمات کے تحت اس دفتر کی جگہ کیفیٹیریا کے قیام کا منصوبہ ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ چارمینار کو بغرض سیاحت پہنچنے والے سیاحوں کو محکمہ سیاحت ‘ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد یا محکمہ آثار قدیمہ کے تحت چلائے جانے والے کیفیٹریا کی فراہمی کے لئے اس مقام کا انتخاب عمل میں لایا گیا ہے تاکہ چارمینار کے سیاحوں کو حاصل سہولتو ںمیں بہتری لائی جاسکے ۔ چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کے تحت کئے جانے والے ترقیاتی کاموں میں محکمہ برقی کے دفتر کی منتقلی اور اس کی جگہ کیفیٹیریا کے قیام کے منصوبہ کو عملی شکل دئے جانے کی صورت میں چارمینا ر کے اطراف بنیادی سہولتوں کی فراہمی میں بہتری پیدا ہوگی ۔ ذرائع کے مطابق اس کیفیٹیریا کی تیاری کے سلسلہ میں منصوبہ کو قطعیت دیئے جانے کے بعد فنڈس کی منظوری عمل میں لائی جائے گی ۔