لندن، 23 مئی (سیاست ڈاٹ کام) برطانوی ولی عہد شہزادہ چارلس کی جانب سے روسی صدر ولادیمیر پوتین کو ہٹلر قرار دینے کے بعد پوتین کا بھی جواب سامنے آگیا، جس میں پرنس چارلس کو ہدف تنقید بنا یا گیا ہے۔ کریملن نے پرنس چارلس کے الفاظ کو ناقابل قبول، غصہ پر مبنی اور ہتک آمیز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ الفاظ برطانیہ کے متوقع بادشاہ کے شایان شان نہیں۔ روسی نائب سفیر کی لندن میں دفتر خارجہ میں برطانوی حکام سے ملاقات ہوئی تھی جس میں برطانیہ کی جانب سے یوکرین کے معاملہ پر ہی زیادہ تر بات کی گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پوتین کے ساتھیوں کا یہ کہنا ہے کہ شہزادہ چارلس بادشاہ بننے کے اہل نہیں ہیں۔ پوتین کے حامی میڈیا نے اپنے جوابی حملے میں برطانوی شاہی خاندان کو نازیوں سے تشبیہہ دی ہے۔