چارج شیٹ کی نقل فراہم کرنے ونزارا کی درخواست مسترد

احمدآباد۔ 27 فروری (سیاست ڈاٹ کام) خصوصی سی بی آئی عدالت نے معطل پولیس عہدیدار ڈی جی ونزارا کی عشرت جہاں فرضی انکاؤنٹر مقدمہ میں اضافی چارج شیٹ کی نقل فراہم کرنے کی درخواست مسترد کردی۔ ونزارا کے وکیل وی ڈی گجر نے کہا کہ انہیں عدالتی حکم نامہ کی نقل نہیں ملی ہے چنانچہ وہ نہیں بتا سکتے کہ آخر عدالت نے کس بنیاد پر اضافی چارج شیٹ کی نقل فراہم کرنے سے انکار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عدالت کے اس فیصلے کو وہ چیلنج کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ سی بی آئی نے چار سنٹرل آئی بی آفیسرس بشمول سابق اسپیشل ڈائریکٹر راجندر کمار کے خلاف 6 فروری کو اس مقدمہ میں اضافی چارج شیٹ داخل کی تھی۔

سرمایہ کاری کو راغب کرنے
ہندوستان کو سعودی عرب کا مشورہ
نئی دہلی 27 فروری(سیاست ڈاٹ کام) سرمایہ کے منافع پر ٹیکس ہندوستان میں سعودی سرمایہ کاری کے فروغ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ سعودی عرب کے وزیر تجارت و صنعت توفیق الربیعہ نے کہاکہ سرمایہ پر حاصل ہونے والے منافع پر ٹیکس اندازی ہندوستان میں سعودی سرمایہ کاری کے فروغ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ اُنھوں نے ہندوستانی عہدیداروں سے خواہش کی کہ اِس مسئلہ پر غور کرکے نرمی پیدا کرنے کے وسائل تلاش کریں۔ اُنھوں نے کہاکہ وہ سعودی ۔ ہندوستانی مشترکہ فنڈ کو کارکرد بنانے کی اہمیت پر زور دینا چاہتے ہیں۔ وہ ہند ۔ سعودی عرب بزنس فورم کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے، جس کا اہتمام فکی نے کیا تھا۔ صدر فکی سدھارتھ برلا نے کہاکہ دونوں ممالک کو باہمی تعاون کے نئے شعبے تلاش کرنے چاہئیں۔