بھوپال ۔ 26 ۔ جون : ( سیاست ڈاٹ کام ) : ایک چائے فروش نے معاشی مشکلات کے باوجود اپنی دختر ٹینا شکلا کی حوصلہ افزائی کرنے کے باعث وہ مدھیہ پردیش پولیس میں ملازمت حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی ۔ 62 سالہ رام نواس شکلا پولیس کنٹرول روم کے باہر ایک ٹی اسٹال چلاتا ہے جب پولیس ملازمین سے اپنی دختر کے بارے میں تعریف سنتا ہے تو فخر محسوس کرتا ہے ۔ جس نے پولیس میں ملازمت حاصل کر کے نہ صرف دوسروں کے لیے مثال قائم کردی ہے بلکہ اپنے خاندان اور سماج میں تبدیلی کی نقیب ثابت ہوئی ہے ۔ ٹینا شکلا کا اندور میں بحیثیت سب انسپکٹر پولیس تقرر عمل میں لایا گیا ہے اور وہ دوسری خواتین کے لیے قابل تقلید بن گئی ہیں ۔ رام نواس شکلا نے بتایا کہ میری دختر بیٹوں سے بڑھ کر ہے ۔ جس کی سخت محنت و لگن نے ہماری زندگی کو تبدیل کردیا ہے اگرچیکہ میں نے زیادہ پڑھا نہیں ہوں لیکن میری دختر کو حصول تعلیم کے لیے ممکنہ سہولیات فراہم کی ہے ۔ اس لڑکی کے دو ماموں محکمہ پولیس اور فوج میں ہیں ۔ جنہوں نے اپنی بھانجی کو حصول تعلیمی اور ملازمت کی ترغیب دی ہے ۔ ٹینا شکلا نے بتایا کہ تقریبا 7 سال تک انتھک جدوجہد کے بعد انہیں کامیابی ملی ہے ۔ ایک وقت ایسا بھی آیا تھا کہ وہ نا امید ہوگئی تھیں ۔ لیکن افراد خاندان کی حوصلہ افزائی سے میرا خواب شرمندہ تعبیر ہوا ۔۔