جبلپور( ایم پی )۔/21اگسٹ، ( سیاست ڈاٹ کام ) ایک مقامی عدالت نے پولیس کو فلم اداکار عامر خان ، فلمساز راجو ہیرانی، ودھو ونود چوپڑہ اور دیگر کے خلاف ان کی فلم ’ ’ پی کے ‘‘ کے عریاں اور مخرب اخلاق پوسٹر کی اشاعت کے خلاف معاملہ درج کرنے کی ہدایت کی ہے۔ امیت ساہو نامی ایک وکیل کی جانب سے داخل کی گئی شکایت پر جوڈیشیل مجسٹریٹ فرسٹ کلاس (JMFC) آر ڈی دھریا نے آدھارٹل پولیس اسٹیشن انچارج کو معاملہ درج کرنے کی ہدایت کی۔ علاوہ ازیں عدالت نے فلم و ٹیلی ویژن پرڈیوسر گلڈ کے صدرمکیش بھٹ اور تین مقامی روز ناموں کے خلاف بھی پوسٹر شائع کرنے کی پاداش میں معاملات درج کرنے کی ہدایت کی۔ شکایت کنندہ نے پوسٹر کو انتہائی نازیبا اور مخرب اخلاق بتایا ہے اور پوسٹر کی اشاعت سیدھے سیدھے عریانیت کے زمرے میں آتی ہے جس پر تعزیرات ہند کی دفعات 292اور 294 کے تحت معاملات درج کئے جانے چاہیئے۔ یاد رہے کہ عامر خان کو ایک ریلوے لائن پر بالکل عریاں حالت میں کھڑا ہوا دکھایا گیا ہے جہاں صرف ایک ٹیپ ریکارڈ کے ذریعہ وہ اپنی ستر پوشی کئے ہوئے ہیں۔ فلم میں عامر خاں کے علاوہ انوشکا شرما، سشانت سنگھ راجپوت، بومن ایرانی اور سنجے دت کے بھی اہم رول ہیںجو ڈسمبر میں ریلیز ہوگی۔