سری نگر 29نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی طرف سے جمعرات کو یہاں گورنر انتظامیہ کے ‘جموں وکشمیر بینک’ کو پبلک سیکٹر انڈر ٹیکنگ ادارہ بنانے کے فیصلے کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ پارٹی کے سینئر لیڈران نعیم اختر، غلام نبی لون ہانجورہ اور ضلع صدر سری نگر خورشید عالم متذکرہ احتجاجی ریلی کی قیادت کررہے تھے ۔احتجاجی ریلی میں جموں وکشمیر بینک سے متعلق فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے گورنر انتظامیہ کے خلاف نعرے لگائے گئے ۔ ریلی کے شرکائجنہوں نے اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرس اٹھا رکھے تھے ، کی جانب سے ‘گورنر انتظامیہ مردہ باد، جس کشمیر کو خون سے سینچا وہ کشمیر ہمارا ہے ، جے کے بینک کی نیلامی منظور نہیں منظور نہیں، بیوروکریسی مردہ باد، تانا شاہی مردہ باد، گورنر کے کالے قانون منظور نہیں منظور نہیں’ جیسے نعرے لگائے گئے ۔احتجاجی ریلی شیر کشمیر پارک کے نذدیک واقع پی ڈی پی ہیڈکوارٹر سے برآمد ہوئی۔ اگرچہ اس ریلی کو پریس کالونی میں اختتام پذیر ہونا تھا، تاہم ریاستی پولیس نے ریلی کے شرکاء کو پریس کالونی کی طرف مارچ کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔