سرینگر ۔ 21 جون (سیاست ڈاٹ کام) آزاد رکن اسمبلی شمالی کشمیر کے حلقہ انتخاب لانگ گیٹ کے نمائندہ شیخ عبدالرشید نے آج نیشنل کانفرنس اور پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی سے اپیل کی کہ وہ اتحاد کرلیں اور ریاست جموں و کشمیر میں حکومت تشکیل دیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو یقین ہیکہ مرکز کے فرمانوں کو دونوں پارٹیاں نظرانداز کردیں گی جبکہ مرکزی حکومت ریاست میں تازہ انتخابات کے انعقاد کا خواہاں ہے۔ رکن اسمبلی رشید نے آج ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہر شخص جانتا ہیکہ نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی نظریاتی اختلافات رکھتے ہیں لیکن انہیں اپنی اقتدار کی ہوس، انا اور نئی دہلی کے فرمانوں کو بھولتے ہوئے آپس میں اتحاد کرکے ریاست میں نئی حکومت تشکیل دینی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ حالانکہ دونوں پارٹیاں ایک دوسرے کی مخالف ہیں لیکن اب وقت آ گیا ہیکہ نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی اپنے اختلافات کو فراموش کردیں۔ انا کو بھلادیں اور نئی حکومت تشکیل دینے کیلئے باہم اتحاد کرکے تشکیل حکومت کا عمل شروع کریں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں حریف پارٹیاں اگر متحد ہوجائیں تو ریاست کے عوام کی حوصلہ افزائی ہوگی۔