پی وی نرسمہا راؤ یادگار زمانہ نہیں رہے

جینتی تقاریب منانے سے سرکاری عہدیداروں کا گریز
حیدرآباد۔/28جون، ( سیاست نیوز) سابق وزیر اعظم پی وی نرسمہا راؤ کی جینتی تقاریب سرکاری طور پر منانے کے اعلان کے باوجود کئی سرکاری محکمہ جات نے جینتی تقاریب کے اہتمام سے گریز کیا۔ نیکلس روڈ پر پی وی سمادھی پر اگرچہ سرکاری طور پر تقریب منعقد کی گئی اور عوام کی بڑی تعداد میں شرکت کو یقینی بنانے کیلئے انتظامات کئے گئے لیکن وہاں عوام کی تعداد توقع کے مطابق نہیں تھی۔ نرسمہا راؤ کے بعض قریبی افراد کے علاوہ عوام نے شرکت سے گریز کیا۔ مختلف محکمہ جات کے سرکاری ملازمین جنہیں شرکت کیلئے پابند کیا گیا تھا صرف وہی بادل نخواستہ تقریب میں شریک رہے۔ گورنر اور چیف منسٹر کی شرکت کے باوجود منتظمین کو عوام کو اکٹھا کرنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا ۔ نیکلس روڈ پر موجود افراد سے خواہش کی جارہی تھی کہ وہ خالی کرسیوں کو پُر کریں۔ٹی آر ایس اور دیگر پارٹیوں کے اقلیتی طبقہ سے تعلق رکھنے والے قائدین نے تقریب میں شرکت سے گریز کیا جبکہ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے تقریب میں شرکت کی۔ سرکاری تقریب کے باوجود ٹی آر ایس کے کئی وزراء اور اہم قائدین نے تقریب سے دوری اختیار کی۔ اس کے علاوہ محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیدار بھی نظر نہیں آئے۔ حکومت کی جانب سے تمام محکمہ جات کے سربراہوں کو ہدایت دی گئی تھی کہ وہ اپنے محکمہ کے خرچ پر جینتی تقاریب منعقد کریں لیکن اہم محکمہ جات نے اس طرح کی کسی بھی تقریب سے گریز کیا۔ سرکاری اقلیتی اداروں میں کسی ادارہ نے بھی نرسمہا راؤ کی جینتی نہیں منائی۔ اس بارے میں سکریٹریٹ کے بعض اعلیٰ عہدیداروں سے استفسار کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ انہیں نرسمہا راؤ سے کوئی دلچسپی نہیں۔ بعض عہدیداروں نے کہا کہ انہیں خود اس بات پر حیرت ہے کہ ٹی آر ایس حکومت نے کس طرح سرکاری طور پر یہ تقریب منانے کا فیصلہ کیا ہے۔
جبکہ حکومت بھی اچھی طرح جانتی ہے کہ نرسمہا راؤ کے نام سے اقلیتوں میں ناراضگی کا ماحول ہے۔