رنر للیتا ، باکسر شیوا، ہاکی پلیئرز رگھوناتھ اور رانی کے بشمول 15 ارجن ایوارڈز ۔دیپا اور کوہلی کے کوچس کے بشمول 6 ڈروناچاریہ ایوارڈز بھی دیئے گئے
نئی دہلی ، 29 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) کھیلوں میں لڑکیوں کی طاقت کی خوشی منائی گئی جیسا کہ اولمپک اسٹارز پی وی سندھو، ساکشی ملک اور دیپا کرماکر کو آج انڈیا کا کھیلوں کا اعلیٰ ترین اعزاز ’’راجیو گاندھی کھیل رتن‘‘ شوٹر جیتو رائے کے ساتھ یہاں راشٹرپتی بھون میں منعقدہ پُرشکوہ تقریب میں عطا کیا گیا۔ نیشنل اسپورٹس ایوارڈز کی تاریخ میں پہلی مرتبہ چار اتھلیٹس اس کھیل رتن اعزاز کیلئے منتخب کئے گئے، جس کا سبب تینوں لڑکیوں کا ریو اولمپکس میں غیرمعمولی مظاہرہ ہے۔ 2009ء میں تین اتھلیٹس …باکسرز وجیندر سنگھ اور ایم سی میریکوم اور ریسلر سشیل کمار… کو یہ ایوارڈ ایک ساتھ دیا گیا تھا۔ شٹلر سندھو نے ویمنس سنگلز میں تاریخی سلور میڈل حاصل کیا، ساکشی نے ویمنس ریسلنگ میں ہندوستان کا اولین تمغہ (برونز) جیتا جبکہ دیپا نے آرٹسٹک جمناسٹکس میں چوتھے مقام پر اختتام کے ساتھ تاریخ میں جگہ حاصل کرلی اور اب اُن کا ’پروڈونوا والٹ‘ ایونٹ مشہور ہوگیا ہے۔ شوٹر جیتو گزشتہ دو سال میں تمغہ جیتنے والے پُراستقلال مظاہرے پیش کرتے ہوئے شروع سے ہی کھیل رتن کے دعوے دار سمجھے جارہے تھے۔ ان کی کامیابیوں میں ایشین اور کامن ویلتھ گیمز میں گولڈ اور ورلڈ چمپئن شپس میں سلور میڈل شامل ہیں۔ چار کھیل رتن اعزازات پانے والے اتھلیٹس جب صدرجمہوریہ پرنب مکرجی سے اپنے ایوارڈز حاصل کرنے آگے بڑھے تو تالیوں کی گونج میں اُن کا استقبال ہوا۔ انھیں فی کس ایک میڈل، سند اور 7.5 لاکھ روپئے کا کیاش پرائز پیش کیا گیا۔ نیز 15 ارجن ایوارڈ یافتگان کو بھی نوازا گیا، جنھیں چھوٹے انعامی مجسمے، اسناد اور فی کس 5 لاکھ روپئے کی انعامی رقم حاصل ہوئے۔ طویل فاصلے کی رنر للیتا ببر جنھیں ریو گیمز میں 3000m اسٹیپل چیز ایونٹ میں قابل قدر 10 واں مقام ملا، باکسر شیوا تھاپا جو گزشتہ سال ورلڈ چمپئن شپ میڈل جیتنے والے صرف تیسرے ہندوستانی رہے، اور ہاکی کھلاڑیاں وی آر رگھوناتھ اور رانی رامپال ’’ارجن ایوارڈ‘‘ پانے والوں میں شامل ہیں۔ کرکٹر اجنکیا رہانے بھی ارجن ایوارڈ کیلئے منتخب ہوئے لیکن آج کی تقریب میں شریک نہ ہوسکے کیونکہ وہ انڈین ٹیم کے ساتھ امریکہ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹوئنٹی 20 سیریز کے سلسلے میں ہیں۔ کم عمر جاؤلین تھروور نیرج چوپڑہ جو انڈر۔20 ورلڈ چمپئن شپ میں گولڈ میڈل جیت کر کسی بھی سطح پر ورلڈ چمپئن بننے والے فرسٹ انڈین اتھلیٹ بنے، وہ بھی اِس سال ارجن ونرز میں شامل ہیں۔ گول کیپر سبرتا پال ارجن ایوارڈ یافتگان کی فہرست میں واحد فٹبالر ہیں، جہاں شوٹر اپوروی چنڈیلا اور ریسلر ونیش پھوگت بھی شامل کئے گئے۔ ونیش نے اپنا ایوارڈ وہیل چیئر پر بیٹھے رہتے ہوئے وصول کیا کیونکہ وہ ریو اولمپک گیمز کے دوران اپنے دوسرے راؤنڈ کے مقابلے میں گھٹنے کی انجری سے سنبھل رہی ہیں۔ اس سال کا ڈروناچاریہ ایوارڈ چھ کوچس کو عطا کیا گیا، جن میں دیپا کے کوچ بشویشور نندی اور انڈیا ٹسٹ ٹیم کیپٹن ویراٹ کوہلی کے مینٹور راج کمار شرما سب سے نمایاں ہیں۔ اس طرح دیپا کیلئے آج دہری خوشی کا معاملہ ہوا۔یہ ایوارڈ پانے والے دیگر کوچس ناگپوری رمیش (اتھلیٹکس)، ساگر مال دھیال (باکسنگ)، پردیپ کمار (سویمنگ، لائف ٹائم) اور مہابیر سنگھ (ریسلنگ، لائف ٹائم) ہیں۔ دھیان چند لائف ٹائم اچیوومنٹ ایوارڈ ستّی گیتا (اتھلیٹکس)، سلوانس ڈونگ ڈونگ (ہاکی) اور راجیندر پرہلاد شھلکے (روئنگ) کو عطا کیا گیا۔ پنجابی یونیورسٹی پٹیالہ کو مولانا عبدالکلام آزاد ٹروفی 2015-16ء عطا کی جائے گی۔ آج کی تقریب میں وزیر اسپورٹس وجئے گوئل اور مرکزی کابینہ کے بعض دیگر ارکان شریک ہوئے۔