لیما،8 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) پیرو کے امیزون میں نامعلوم افراد نے زمین کے مالکانہ حق کے سلسلے میں چھ کسانوں کو قتل کردیا ہے ۔ پولس افسر راول ہواری نے آج کہا کہ پانچ کسانوں کی لاشیں جنگل میں ندی سے برآمد ہوئی ہیں اور ایک لاش جنگل سے برآمد کی گئی ہے ۔ ان سب کے ہاتھ پیر بندھے ہوئے تھے اور جسم پر گولیوں کے نشان تھے ۔ یہ تمام کسان تھے اور ان پر ناریل پیداوار کا باغ خالی کرنے کے لئے دباؤ ڈالا گیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ ا ارد گرد کے مقامی باشندوں نے کہا ہے کہ ماسک پہنے ہوئے تقریبا 30 سے 40 افراد نے 20 سے زائد کسانوں کو نشانہ بنا کر فائرنگ کی ۔ ان بندوق برداروں نے کسانوں کو گھیر لیا اور ان کو گولی مار دی جبکہ بعض کسان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ۔ پولس افسر نے کہا کہ 24 سالہ مدت کار کے دوران انہوں نے ایسا واقعہ پہلے کبھی نہیں دیکھا اور یہ قتل زمینی تنازعہ کا نتیجہ ہے ۔ پولس اور پبلک پراسکیوٹر اس معاملے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔