پی جی ٹیک انٹرنس امتحان ، ادخال فیس کی آخری تاریخ

حیدرآباد ۔ 10 ۔ جون : ( پریس نوٹ ) : ہندوستان کی مختلف یونیورسٹیوں میں ایم ٹیک اور ایم ای میں داخلوں کے خواہش مند طلبہ uni-gauge pgtech 2015 انٹرنس امتحان میں شرکت کرسکتے ہیں اور اس امتحان میں شرکت کے لیے درخواست دینے کی آخری تاریخ 22 جون مقرر کی گئی ہے جب کہ یہ امتحان 4 جولائی کو منعقد ہوگا ۔ مذکورہ انٹرنس امتحان ہندوستان کے 16 اہم شہروں اور مقامات پر منعقد کیا جارہا ہے اور اس امتحان میں شرکت کی فیس 1500 روپئے مقرر کی گئی ہے جو کہ آن لائن اور آف لائن دونوں طریقوں سے ادا کی جاسکتی ہے ۔ آن لائن فیس ادا کرنے کے لیے نیٹ بنکنگ ڈبیٹ کارڈ یا کریڈیٹ کارڈ کا استعمال کیا جاسکتا ہے جب کہ آف لائن فیس داخل کرنے کے لیے ایکسیس بنک کا چالان طریقہ موجود ہے۔ آن لائن فیس 22 جون تک ادا کی جاسکتی ہے جب کہ آف لائن فیس 19 جون تک ادا کی جاسکتی ہے ۔ تفصیلات کیلئے erafoundationindia.org ملاحظہ کریں ۔۔
ڈاکٹر پریم راج کو بہترین ڈاکٹر کا ایوارڈ ، انعامی رقم یتیموں میں تقسیم
شمس آباد ۔ 10 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : ڈاکٹر پریم راج کو شمس آباد منڈل میں بہترین خدمات انجام دینے پر حکومت کی جانب سے جشن تلنگانہ کے موقع پر بہترین ڈاکٹر کا ایوارڈ دیا گیا ۔ جس میں انہیں 10,116 روپئے ، میڈل اور سرٹیفیکٹ دیا گیا ۔ اس رقم کو ڈاکٹر پریم راج نے غریب لڑکیوں کو دینے کا اعلان کیا تھا چنانچہ آج ڈاکٹر پریم راج نے دو غریبوں اور یتیم لڑکیوں سریشا اور جیوتی کو فی کس 5100 روپئے ان کے حوالہ کئے ۔ سرپنچ شمس آباد راچا ملا سدیشور نے اس موقع پر ڈاکٹر پریم راج کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ غریب کی مدد کرنا ہر انسان کا فرض ہے خاص کر یتیموں کی مدد کرنا بڑے ہی فخر کی بات ہے ۔ یتیموں کا کوئی سہارا نہیں ہوتا ایسے میں ان کی مدد کرنے سے ان کی حوصلہ افزائی ہوگی ۔ انہوں نے اپیل کی کہ ہر شخص کو چاہئے کہ وہ غرباء کی اپنی حیثیت کے مطابق مدد کرے ۔ ڈاکٹر پریم راج نے کہا کہ یتیم لڑکیوں کی مدد کرنا میرا ہی نہیں بلکہ ہر ایک کا فرض ہے ۔ میں معمولی رقم ان کی شادیوں کے لیے دی ہے اس سے کچھ نہیں ہوگا ۔ لیکن ہر ایک شخص اپنی اپنی جانب سے امداد کے لیے آگے آنا چاہئے ۔۔
کر محنت کھا نعمت …
ایک ایسے وقت جب کہ ہمارے نوجوان وقت اور پیسے کی فضول بربادی میں مصروف ہیں یہ ضعیف رکشا راں صرف اور صرف حلال کی کمائی کیلئے سامان سے پُر رکشہ کھینچ رہا ہے ۔ میر من پہاڑی کے ساکن محمد حسین عالم صبح اپنے گھر سے نکل کر دن بھر رکشہ چلاتے ہیں ۔ اس طرح عمر کے اس حصہ میں بھی وہ محنت کرتے ہوئے اپنے ارکان خاندان کی مدد کررہے ہیں ۔ یہ شخص ان نوجوانوں کیلئے ایک سبق ہے جو محنت سے جی چراتے ہیں ۔۔