پی جی میڈیکل انٹرنس ٹسٹ کے نتائج کا اعلان

حیدرآباد۔5مئی ( سیاست نیوز) ریاست میں پوسٹ گریجویٹ میڈیکل کورسیںمیں داخلوں کیلئے گذشتہ دنوں منعقدہ ’’پی جی میڈیکل انٹرنس ٹسٹ‘‘ کے نتائج کا ڈاکٹر این ٹی آر ہیلت یونیورسٹی کی جانب سے اعلان کردیا گیا اور یہ نتائج یونیورسٹی ویب سائیٹ پرپیش کئے گئے ہیں ۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہیکہ پی جی میڈیکل انٹرنس ٹسٹ کے انعقاد سے اندرون چھ یوم کی ریکارڈ مدت میں ہی نتائج کا اعلان کیا گیا ۔ درحقیقت پی جی میڈیکل انٹرنس ٹسٹ جو کہ چند عرصہ قبل منعقد ہوا تھا اور نتائج کا اعلان بھی کردیا گیا تھا لیکن اس میں بعض بے قاعدگیوں کے واقعات پیش آنے کی ریاستی گورنر سے شکایت کی گئی تھی جس کی روشنی میں گورنر نے بڑے پیمانے پر سی بی سی آئی ڈی کے ذریعہ تحقیقات کروائے تھے اور تحقیقات میں بے قاعدگیوں کے واقعات پیش آنے کا انکشاف ہونے پر منعقدہ پی جی میڈیکل انٹرنس ٹسٹ کو ہی منسوخ کردیا گیا تھا اور دوبارہ منعقد کرنے کی گورنر نے متعلقہ عہدیداروں کو ہدایات دی تھیں جس کی روشنی میں این ٹی آر ہیلت یونیورسٹی کی جانب سے پی جی میڈیکل انٹرنس ٹسٹ کا دوبارہ انعقاد عمل میں لاگیا گیا اورجاری کردہ نتائج کی روشنی میں گاندھی میڈیکل کالج کے طالب علم مسٹر بی رامی ریڈی نے 170 نشانات حاصل کر کے پہلا مقام حاصل کیا اور عثمانیہ یونیورسٹی میڈیکل کالج کی طالبہ اے کیرتی نے 169 نشانات حاصل کر کے دوسرا مقام حاصل کیا۔ انٹرنس ٹسٹ کے انعقاد کیلئے تمام تر احتیاطی اقدامات کئے گئے تھے۔ انٹرنس ٹسٹ کیلئے جملہ 15194 درخواستیں داخل کی گئی تھی جن کے منجملہ 13416 نے انٹرنس میں شرکت کی ۔