پی جی میڈیکل انٹرنس میں بے قاعدگیوں پر فوجداری مقدمہ درج

حیدرآباد ۔ 25 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : ریاستی سطح پر پوسٹ گریجویٹ میڈیکل کورسیس میں داخلوں کیلئے ڈاکٹر این ٹی آر ہیلت یونیورسٹی کے زیر اہتمام پی جی میڈیکل انٹرنس ٹسٹ میں بے قاعدگیوں کی تحقیقات کرنے والے عہدیداروں نے فوجداری مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کیا ہے ۔ بدعنوانیوں کو پیش نظر رکھتے ہوئے سی بی سی آئی ڈی نے سازش کے تحت بے قاعدگیاں یا کرپشن پر مبنی جرائم کے تحت فوجداری مقدمات درج کر کے تحقیقات کی جلد تکمیل کو یقینی بنانے چار خصوصی ٹیمیں تشکیل دی ہیں اور سی آئی ڈی عہدیدار گنٹور ، وجئے واڑہ ، بنگلور اور حیدرآباد میں بعض اہم مقامات پر علی الصبح سے مشتبہ افراد کے مکانات و دیگر اہم مقامات پر دھاوے کر کے تنقیح شروع کرچکے ہیں ۔ ذرائع نے کہا کہ ایسے امیدوار جو دسویں و انٹر میں کم نشانات حاصل کئے اور ایم بی بی ایس میں ناکام ہوجانے والوں کو اس ٹسٹ میں اعلی رینکس حاصل کرنے والے طلباء کے سابقہ ٹریک ریکارڈ کی تحقیقاتی عہدیدار جانکاری حاصل کررہے ہیں ۔

ذرائع کے مطابق ان بے قاعدگیوں میں امکانی طور پر ملوث 8 طلبا کو اعلی عہدیداران سی بی سی آئی ڈی کی ہدایت پر تحقیقاتی عہدیداروں کی جانب سے حراست میں لے کر ان میں دو امیدواروں کو گنٹور میں پوچھ تاچھ کررہے ہیں ۔ بتایا جاتا ہے کہ حیدرآباد سے وجئے واڑہ اور گنٹور پہونچنے والے سی آئی ڈی تحقیقاتی عہدیداروں نے ان بے قاعدگیوں کی تحقیقات کے سلسلہ میں سنجیدگی کے ساتھ تفصیلی جائزہ لے رہے ہیں ۔ بتایا جاتا ہے کہ ان مبینہ بے قاعدگیوں کے مقدمہ کی سی آئی ڈی عہدیداروں کی جانب سے پیش کی جانے والی رپورٹ کے بعد میڈیکل پی جی انٹرنس ٹسٹ کو منسوخ کرنے یا کئے جانے والے اقدامات پر جامع رپورٹ دینے کی ہیلت یونیورسٹی عہدیداروں کے ساتھ ساتھ دیگر اعلی عہدیداروں کو ریاستی گورنر مسٹر ای ایس ایل نرسمہن نے ہدایات دی ہیں ۔ توقع ہے کہ ریاستی گورنر کے حکم کی روشنی میں سی بی سی آئی ڈی عہدیداروں کی جانب سے جلد سے جلد تحقیقات مکمل کر کے اپنی رپورٹ گورنر کو پیش کردیں گے ۔