حیدرآباد۔/2اپریل، ( سیاست نیوز) ریاستی سطح پر این ٹی آر ہیلت یونیورسٹی کی جانب سے منعقدہ میڈیکل پی جی انٹرنس ٹسٹ کو منسوخ کردیا گیا۔ اس میڈیکل پی جی انٹرنس ٹسٹ میں بڑے پیمانے پر بے قاعدگیوں کے واقعات پیش آنے سے متعلق ریاستی سی بی سی آئی ڈی نے ریاستی گورنر مسٹر ای ایس ایل نرسمہن کو جامع رپورٹ پیش کی تھی۔ لہذا ریاستی گورنر مسٹر ای ایس ایل نرسمہن نے سی بی سی آئی ڈی کے پیش کردہ ثبوتوں پر مبنی رپورٹ کی بنیاد پر میڈیکل پی جی انٹرنس ٹسٹ کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ، اور متعلقہ اعلیٰ عہدیداروں کو دوبارہ میڈیکل پی جی انٹرنس ٹسٹ منعقد کرنے کا حکم دیا۔ بتایا جاتا ہے کہ میڈیکل پی جی انٹرنس ٹسٹ میں مبینہ بے قاعدگیوں کے پیش آئے واقعہ پر ریاستی گورنر سے لوک ستہ پارٹی اور ریاستی سی پی آئی نے شکایت کی ۔
جس پر فوری اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے گورنر نے صدرنشین ریاستی کونسل برائے اعلیٰ تعلیم کے ذریعہ تحقیقات کروائی۔ اس تحقیقاتی رپورٹ میں بعض بے قاعدگیوں کے پیش آنے کا اظہار کیا گیا تھا لیکن کوئی ثبوت فراہم کرنے سے صدر نشین ریاستی کونسل برائے اعلیٰ تعلیم قاصر تھے۔ جس پر مسٹر ای ایس ایل نرسمہن نے میڈیکل پی جی انٹرنس ٹسٹ بے قاعدگیوں کی مکمل تحقیقات کرکے اندرون 72گھنٹے انہیں رپورٹ پیش کرنے کی سی بی سی آئی ڈی سربراہ کو ہدایت دی تھی۔ ان ہدایات کی روشنی میں سی بی سی آئی ڈی سربراہ مسٹر کرشنا پرساد نے اپنے ماتحت عہدیداروں کے ذریعہ تیزی کے ساتھ تحقیقات کرکے تمام ثبوت پیش کرتے ہوئے اپنی رپورٹ اندرون مقررہ مدت ریاستی گورنر کو پیش کی تھی، اس رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعد آج ریاستی گورنر نے اس میڈیکل پی جی انٹرنس ٹسٹ کو فوری اثر کے ساتھ منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا۔