آنجہانی قائد کی یوم برسی ، کانگریس اور بی جے پی قائدین کا خراج
حیدرآباد ۔ /28 ڈسمبر (سیاست نیوز) سینئر کانگریس قائد و سابق کانگریس مقننہ پارٹی قائد آنجہانی پی جناردھن ریڈی کی آج دسویں برسی پروگرام ان کے افراد خاندان کی جانب سے بڑے پیمانے پر منعقد کیا گیا ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کیپٹن اتم کمار ریڈی نے خیریت آباد سرکل پر واقع آنجہانی پی جناردھن ریڈی کے مجسمہ کی گلپوشی کرتے ہوئے انہیں بھرپور خراج عقیدت پیش کیا ۔ آنجہانی پی جناردھن ریڈی کے فرزند مسٹر جی وشنو وردھن ریڈی نے اپنا اظہار خیال کرتے ہوئے اپنے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوامی مفادات کیلئے ہمیشہ جدوجہد کرنے والے اور بالخصوص غریب عوام کی مدد کرنے والے سینئر کانگریس قائد آنجہانی پی جناردھن ریڈی کی توقعات کو پورا کرنے اور ان کے چھوڑے ہوئے ادھورے کاموں کو پورا کرنے کیلئے اپنی ممکنہ کوشش کریں گے ۔ اس (10) ویں برسی کے سلسلہ میں منعقدہ تقریب میں سابق وزیر و سابق صدر پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر پی لکشمیا رکن اسمبلی بی جے پی رامچندرا ریڈی ، سابق رکن پارلیمان مسٹر انجن کمار یادو کے علاوہ دیگر کئی قائدین کانگریس نے شرکت کی ۔ علاوہ ازیں دونوں شہروں کے مختلف مقامات سے کانگریس قائدین و کارکن اور ان کے حامی کثیر تعداد میں شریک ہوکر اپنے قائد آنجہانی پی جناردھن ریڈی کو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا ۔