نئی دہلی ۔ 31 مئی (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال کو راحت والے اقدام میں دہلی کی ایک عدالت نے آج ان کے خلاف فوجداری شکایت خارج کردی۔ کجریوال کے خلاف یہ عرضی ان کے پرنسپل سکریٹری کے دفتر پر سی بی آئی دھاوے کے پیش نظر وزیراعظم نریندر مودی کے خلاف مبینہ طور پر ’’اہانت آمیز اور باغیانہ‘‘ الفاظ استعمال کرنے پر دائرکی گئی تھی۔ کجریوال نے 15 ڈسمبر 2015ء کو اپنے ٹوئیٹر اکاؤنٹ پر تبصرہ تحریر کیا تھا کہ’’مودی بزدل اور سنکی‘‘ شخص ہے۔ اس پر شکایت داخل کرتے ہوئے دعویٰ کیا گیا تھا کہ کجریوال کا تبصرہ ہتک عزت اور بغاوت کے مترادف ہے۔ تاہم میٹرو مجسٹریٹ ابھیلاش ملہوترا نے یہ شکایت مسترد کرتے ہوئے کہا کہ سی ایم نے مملکت کے بھائی چارہ کو درہم برہم کرنے یا حکومت کے اقتداراعلیٰ کی تحقیر کے مترادف کوئی بات نہیں کہی ہے۔