اوبی سی ’’کریمی لیئر‘‘ کی حد کے دائرے میں لانے کا فیصلہ
نئی دہلی، 30اگست (سیاست ڈاٹ کام) حکومت نے قومی سطح پر دیگر پسماندہ طبقات (اوبی سی) کریمی لیئر کی حد کا دائرہ پبلک سیکٹر کی کمپنیوں، بیمہ کمپنیوں اور بینکوں تک بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی زیر صدارت کابینہ کی میٹنگ کے بعد مرکزی وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے بتایا کہ کابینہ نے اس سلسلے میں تجویز کو منظوری دی ہے ۔ اوبی سی کریمی لیئر (خوشحال طبقہ) کیلئے سالانہ 8 لاکھ روپے کی آمدنی کی حد اب سرکاری کمپنیوں اور مالیاتی اداروں پر بھی لاگو ہوگی۔ وزیر موصوف نے کہا کہ یہ فیصلہ 24 سالوں سے زیر التواء تھا اور حکومت نے اس پر عمل درآمد کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ سپریم کورٹ نے 1992 میں حکومت کو اس سلسلے میں ہدایات دیئے تھے ۔ مرکزی کابینہ نے پچھلے ہفتہ او بی سی کریمی لیئر کی حد 6 لاکھ سے بڑھا کر آٹھ لاکھ روپے کردی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کریمی لیئرکی حد طے کرنے کیلئے مہنگائی کو بنیاد بنایا جاتا ہے ۔ جیٹلی نے کہا کہ کریمی لیئر کے لئے سماجی حیثیت اور سالانہ آمدنی کو بنیاد بنایا جاتا ہے ۔ گروپ ’اے ‘ اور گروپ ’بی‘ ملازمین کریمی لیئر کی حد میں آتے ہیں۔ نئے نظام کے تحت پبلک سیکٹر کے ادارے اور مالیاتی اداروں میں گروپ ’اے ‘ اور گروپ ’بی‘ کے مساوی عہدوں میں کریمی لیئر کی حد لاگو ہوگی۔ اس موقع پر سماجی انصاف و تفویض اختیارات کے مرکزی وزیر تھاور چند گہلوت نے کہا کہ اس سے ریزرویشن کا فائدہ ان لوگوں تک پہنچے گا جو ابھی تک اس سے محروم تھے۔
انوشکا شرما کی فلم ’’پری‘‘شوٹنگ کے دوران ٹیکنیشن فوت
کولکتہ۔30 اگست (سیاست ڈاٹ کام) بالی ووڈ کا ایک ٹیکنیشن انوشکا شرما کی فلم ’’پری‘‘ کی آئوٹ ڈور شوٹنگ کے دوران ضلع جنوبی 24 پرگنا میں مبینہ طور پر برقی تار کی زد میں آجانے سے فوت ہوگیا۔ ایک سینئر پولیس آفیسر نے آج بتایا کہ یہ گزشتہ روز کا واقعہ ہے جب لیدر کامپلکس پولیس اسٹیشن حدود کے کورول بیریا میں شوٹنگ چل رہی تھی۔ اترپردیش کا متوطن 28 سالہ شاہ عالم شوٹنگ ختم ہونے کے بعد وہاں برقی تار کی زد میں آگیا۔ اسے قریبی اسپتال پہنچایا گیا جہاں اسے مردہ قرار دیا گیا۔