اسرو کے سائنسدانوں کو چندرا بابو نائیڈو ‘ کے چندر شیکھر ‘ جگن اور دوسروں کی مبارکباد
حیدرآباد۔30جون ( پی ٹی آئی) آندھراپردیش کے چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو ‘ تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندر شیکر راؤ ‘ وائی ایس کانگریس کے صدر جگن موہن ریڈی اور دیگر قائدین نے پانچ سٹلائیٹس کو خلاء میں لے جانے والے پی ایس ایل وی راکٹ کو آج کامیابی کے ساتھ چھوڑے جانے پر ہندوستانی ادارہ برائے خلائی تحقیق ( اسرو) کے سائنسدانوں کو مبارکباد دی ہے اور کہا کہ اس راکٹ کو کامیابی کے ساتھ خلاء میں داغے جانے پر ملک کو فخر ہے ۔ انہوں نے اسرو کے مستقبل کے پروگراموں کی کامیابی کیلئے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے ۔ پی ایس ایل وی ۔سی 23راکٹ کے ذریعہ چار بیرونی ممالک کے سٹلائٹس کو کامیابی کے ساتھ خلاء میں چھوڑے جانے کو وزیراعظم نریندر مودی نے ہندوستان کی خلائی صلاحیتوں کی توثیق قرار دیا ۔ سری ہری کوٹہ سے اس راکٹ کو خلاء میں چھوڑنے کے یادگار منظر کا مشاہد کرنے والوں میں نریندر مودی کے علاوہ آندھراپردیش کے گورنر ای ایس ایل نرسمن ‘ چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو ‘ مرکزی وزیر ایم وینکیا نائیڈو اور دوسرے بھی شامل تھے ۔ چیف منسٹر نائیڈو نے کہا کہ’’ یہ ایک انتہائی پُرمسرت موقع تھا ‘ میں اسرو کے سائنسدانوں کو مبارکباد دیتا ہوں جنہوں نے یہ کامیابی دلاتے ہوئے ہندوستان کی عظمت میں اضافہ کیا ہے ۔ تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اور وائی ایس آر کانگریس کے صدر جگن موہن ریڈی نے بھی اس کامیابی کیلئے سائنسدانوں کو مبارکباد دی ہے ۔