چینائی ۔ 27 جون ۔ ( سیاست ڈاٹ کام)پی ایس ایل وی سی 23 جو سری ہری کوٹہ کے خلائی بندرگاہ سے فرانسیسی زمینی مشاہداتی سٹلائیٹ SPOT-7 اور چار شریک مسافر والی خلائی گاڑی کو لیکر پرواز کرے گا ، اُس کی 30 جون کی لانچ کیلئے 49 گھنٹے کی اُلٹی گنتی کل صبح 8:52 کو شروع ہوجائے گی ۔ ہندوستانی خلائی تحقیق تنظیم (اسرو) نے آج شام اپنے بیان میں کہا کہ لانچ آتھرائزیشن بورڈ ( ایل اے وی ) جس کی آج سری ہری کوٹہ میں میٹنگ منعقد ہوئی ، اُس نے اس لانچ کو منظوری دیتے ہوئے اُلٹی گنتی شروع کرنے کی راہ ہموار کردی ہے ۔ وزیراعظم نریندر مودی فرانسیسی سٹلائیٹ اور کینیڈا ، جرمنی اور سنگاپور سے تعلق رکھنے والے شریک مسافرین کی یہاں سے تقریباً 100 کیلومیٹر دور ستیش دھون اسپیس سنٹر واقع سری ہری کوٹہ کے اولین لانچ پیاڈ سے پرواز کا مشاہدہ کرنے والے ہیں۔