2 جون کو عبوری راحت کا وعدہ بھی وفا نہ ہوسکا ۔ پی آر سی کمیٹی کی معیاد میں توسیع ممکن
حیدرآباد 7 اگسٹ (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے سی آر نے تلنگانہ کے سرکاری ملازمین کو تلنگانہ کے یوم تاسیس 2 جون کو عبوری اور 15 اگسٹ کو مکمل پی آر سی دینے کا وعدہ کیا تھا۔ پی آر سی کمیٹی کی میعاد 26 اگسٹ کو مکمل ہورہی ہے۔ مگر مذاکرات ہنوز مکمل نہیں ہوئے جس سے سرکاری ملازمین میں مایوسی ہے۔ 15 اگسٹ کو عبوری راحت کا اعلان ہونے کی اُمید کررہے ہیں۔ چیف منسٹر کے سی آر نے سرکاری ملازمین اور ٹیچرس یونین کے نمائندوں کا اجلاس طلب کرکے مختلف مسائل اور اُمور کا جائزہ لیا۔ علیحدہ تلنگانہ کی تشکیل کے بعد پہلا پی آر سی جلد قطعیت دینے کا وعدہ کیا تھا۔ انھوں نے بلاکسی تاخیر پی آر سی تشکیل دینے کا اعلان کرکے ملازمین کو خوش کردیا تھا۔ لیکن 2 جون گزر گیا مگر وعدے کے مطابق عبوری پی آر سی کا اعلان نہیں کیا گیا۔ پی آر سی کمیٹی کی میعاد 26 اگسٹ کو مکمل ہورہی ہے۔ حکومت اس کی میعاد کو نومبر تک توسیع دینے پر سنجیدگی سے غور کررہی ہے۔ کیوں کہ 26 اگسٹ تک پی آر سی کمیٹی سے رپورٹ وصول ہونے کے کوئی امکانات نہیں ہیں۔ محکمہ فینانس نے پی آر سی کمیٹی کی میعاد میں توسیع کے لئے حکومت کو تجاویز روانہ کیا ہے۔ حکومت کی منظوری کے بعد احکامات جاری ہوں گے۔ واضح رہے کہ 18 مئی کو ریٹائرڈ آئی اے ایس عہدیدار سی آر بسوال کی صدارت میں 3 رکنی پی آر سی کمیشن تشکیل دیا گیا تھا جس میں 2 ریٹائرڈ آئی اے ایس آفیسرس محمد علی رفعت اور اوما مہیشور راؤ کو بحیثیت اراکین شامل کیا گیا تھا۔ نئی کمیشن کی تشکیل کے بعد رہنمایانہ خطوط جاری کرتے ہوئے انھیں تین ماہ میں رپورٹ پیش کرنے کی حکومت نے ہدایت دی تھی۔ 26 مئی کو ذمہ داری قبول کرنے والی پی آر سی کمیشن کی میعاد 26 اگسٹ کو مکمل ہورہی ہے۔ ابھی تک کمیشن نے ملازمین تنظیموں کے نمائندوں اور ریٹائرڈ عہدیداروں سے تجاویز وصول کیا ہے۔ تمام محکمہ جات کے سکریٹریز سے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں کے بارے تفصیلات طلب کرتے ہوئے انھیں 10 اگسٹ تک حوالے کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ لیکن کئی محکمہ جات سے ابھی تک تفصیلات وصول نہیں ہوئے۔ محکمہ جات سے تفصیلات وصول ہونے کے بعد کمیشن نے ملازمین کی تنظیموں سے تبادلہ خیال کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ 20 اگسٹ سے اجلاس منعقد ہونے کا امکان ہے۔ ابھی تک ایمپلائیز تنظیموں کی جانب سے پیش کردہ ی ادداشتوں کو کمپیوٹرائزڈ کردیا گیا ہے۔ ان معلومات کو بنیاد بناکر کمیشن تنخواہوں پر نظرثانی کے لئے مذاکرات کرے گی۔ 10 اگسٹ سے اس پر عمل ہونے کے ساتھ کمیشن دوبارہ محکمہ جات کے سکریٹریز کے ساتھ جائزہ اجلاس طلب کرتے ہوئے پی آر سی رپورٹ تیار کرے گی۔ 26 اگسٹ تک یہ عمل مکمل ہونے کی اُمید نہیں ہے۔ پی آر سی کمیشن نے مزید تین ماہ کی مہلت حکومت سے طلب کی ہے۔ حکومت کی جانب سے اس کو منظوری دینے کی بھی توقع ہے۔ چیف منسٹر نے ایمپلائیز کے نمائندوں سے اجلاس طلب کرتے ہوئے 15 اگسٹ کو پی آر سی کے اعلان کے ساتھ دوسرے اُمور کا اعلان کرنے کا وعدہ کیا تھا۔ لیکن 15 اگسٹ تک رپورٹ ملنے کے امکانات نہیں ہے۔ تاہم عبوری پی آر سی کا اعلان کیا جاسکتا ہے۔ سرکاری ملازمین 15 اگسٹ کو عبوری راحت اور نومبر تک مکمل پی آر سی ملنے کی توقع کررہے ہیں۔