پی آئی اے کا طیارہ حادثے سے بچ گیا

اسلام آباد۔11 اکٹوبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) پی آئی اے کا طیارہ حادثے سے بچ گیا۔ اسلام آباد ایئرپورٹ پر بوئنگ 747 کا ہائیڈرالک سسٹم خراب ہونے کے سبب ٹیک آف سے پہلے ہی بریک لگانے پڑے۔ رن وے پر تیل پھیلنے سے ایئرپورٹ پروازوں کیلئے سوا گھنٹے تک بند رہا۔ ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق پی آئی اے کا 747 طیارہ حاجیوں کو لینے اسلام آباد سے جدہ روانہ ہونے والا تھالیکن رن وے پر چلنے کے دوران طیارے کا ہائیڈرولک سسٹم خراب ہوگیاجس کی وجہ سے جہاز رن وے پر کھڑا ہوگیااور اس سے تیل نکل کر رن وے پر پھیل گیا۔ صورتحال کے پیش نظر رن وے کو دیگر پروازوں کیلئے بند کرنا پڑاجبکہ اسلام آباد آنے والی چار پروازوں کو فضا میں ہی رہنے کی ہدایت دی گئی۔ سول ایوی ایشن انتظامیہ کے مطابق رن وے سے طیارے کو ہٹا کر تیل صاف کردیا گیااور سوا گھنٹے بعد اسلام آباد ائرپورٹ کو پروازوں کیلئے بھی کھول دیا گیا۔