میڈرڈ ۔ یکم ؍ جون (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم اسپین ماریانو راجوائے نے آج عدم اعتماد کے ووٹ سے قبل ہی اپنی شکست تسلیم کرلی اور کہا کہ میرے لئے ملک کی خدمت کرنا کسی اعزاز سے کم نہیں تھا۔ انہوں نے پارلیمنٹ سے خطاب کے دوران کہا کہ تحریک عدم اعتماد بدستور جاری رکھی جائیگی جیسا کہ روایت رہی ہے تاہم یہ بات اب طئے ہیکہ پیڈرو سانچیز ملک کے نئے وزیراعظم ہونگے۔ ماریانو راجوائے کے سیاسی حریف سانچیز کا تعلق سوشلسٹ پارٹی سے ہے اور اب وہ اسپین کے وزیراعظم کی حیثیت سے کسی بھی وقت حلف لے سکتے ہیں۔
چین عالمی مارکٹ تباہ کررہا ہے : جاپان
ویسٹلر ، یکم جون (سیاست ڈاٹ کام) جاپان نے امریکہ پر زور دیا ہیکہ وہ مارکیٹ کو تباہ کرنے والے چین کے سرمایہ کاری کے طریقوں اور روایات کو روکنے کیلئے مشترکہ کوششوں میں شامل ہو۔ کینیڈا میں منعقدہ جاپان اور امریکہ کے دو طرفہ اجلاس میں جمعہ کو جاپان کی وزارت خزانہ کے افسر نے یہ بات کہی۔ جاپانی افسر نے کہا کہ اجلاس کے دوران جاپان کے وزیر خزانہ تارو آسو نے امریکی وزیر خزانہ اسٹیون منچن سے جاپان کی اسٹیل اور المونیم مصنوعات کو امریکہ کی درآمد ٹیکس سے مستقل چھوٹ دینے کی جاپان کے مطالبے کو دوہرایا۔ مسٹر تارو آسو اور مسٹر منچن کی یہ باہمی ملاقات G-7 ممالک کے رہنماؤں کی کینیڈا میں ہوئے سربراہ اجلاس کے دوران علحدہ سے ہوئی۔
مشتبہ پیرس حملہ آور عبدالسلام کے ساتھی پر دہشت گردی کا الزام
برسلز ۔ یکم ؍ جون (سیاست ڈاٹ کام) بلجیم کے ایک جج نے پیرس حملوں کے مشتبہ حملہ آور صالح عبدالسلام کے ایک ساتھی پر مارچ 2016ء یہاں ہوئے خودکش بم حملوں میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا ہے۔ پراسیکیوٹرس نے کہا کہ تیونیشیائی شہری صوفیان عبیاری جسے عبدالسلام کے ساتھ ماہ اپریل میں پولیس پر بم حملوں سے کئی روز قبل فائرنگ کرنے کی پاداش میں جیل بھیج دیا گیا تھا تاہم کل اس پر یہ الزام بھی عائد کیا گیا کہ وہ ایک دہشت گرد تنظیم کی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا کرتا تھا۔