’’پیپلز فرنٹ آف انڈیا کیلئے پہل بھی کامیاب ہوگی‘‘

چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر نے کہاکہ وہ تھرڈ فرنٹ نہیں بلکہ پیپلز فرنٹ آف انڈیا تشکیل دے رہے ہیں اور ملک میں تبدیلی کیلئے تلنگانہ مرکز بنے گا۔ کانگریس اور بی جے پی سے عوام مایوس ہوچکے ہیں۔ آج اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کے سی آر نے کہاکہ انھوں نے جب علیحدہ تلنگانہ ریاست کی تحریک شروع کی تھی تو سب نے ان کا مذاق اُڑایا تھا لیکن وہ اس کی پرواہ کئے بغیر آگے بڑھے اور کامیابی عوام کے سامنے ہے۔ وہ ملک کو کانگریس اور بی جے پی سے نجات دلانے کے لئے دونوں کا متبادل تیار کرنے کی پہل کرچکے ہیں۔ اس پر بھی ان کا مذاق اُڑایا جارہا ہے لیکن وہ قدم آگے بڑھا چکے ہیں کیوں کہ دونوں جماعتوں نے جب بھی انھیں حکمرانی دی گئی عوام کو مایوس کیا۔ دونوں جماعتوں کے خلاف عوام میں مایوسی کے ساتھ ناراضگی اور غصہ پایا جاتا ہے۔ ملک سے غربت کا خاتمہ کرنے اور بے روزگار نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے میں ناکام ہوگئے ہیں۔ وہ تھرڈ فرنٹ نہیں بلکہ پیپلز فرنٹ آف انڈیا بنارہے ہیں اور یہ صرف تین یا چار جماعتوں کا مجموعہ نہیں ہوگا بلکہ تمام جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کیا جائے گا۔ ان کی پہل پر مختلف جماعتوں نے مثبت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ مرکزی حکومت کے کنٹرول میں 6 ایسے محکمہ جات ہیں جن کی اسے کوئی ضرورت نہیں۔ ریاستوں کو اختیارات دینے سے نہ صرف تیز رفتار ترقی ہوگی بلکہ عوام کی فلاح و بہبود کے لئے بہتر ہوگا۔ کانگریس اور بی جے پی عوامی اعتماد سے محروم ہوچکے ہیں اور ان کی کوشش ضرور رنگ لائے گی۔