پیٹلہ برج پولیس ٹرانسپورٹ آرگنائزیشن میں قدیم درگاہ کی موجودگی کا انکشاف

وقف بورڈ لا علم ، عام شہریوں کا داخلہ ممنوع ، زیارت کے لیے بزرگ شہریوں کا زور
حیدرآباد ۔ 31 ۔ اکٹوبر : ( نمائندہ خصوصی ) : شہر میں بے شمار اوقافی جائیدادیں ہیں ان میں سے بعض ایسی جائیدادیں ہیں جن کے بارے میں عوام اور وقف بورڈ دونوں واقف ہی نہیں ۔ پیٹلہ برج میں پولیس ٹرانسپورٹ آرگنائزیشن ہے جہاں محکمہ پولیس کی تمام گاڑیوں کی دیکھ بھال اور درستگی کا کام کیا جاتا ہے ۔ اس آرگنائزیشن کا وسیع و عریض دفتر اور ورکشاپ بھی ہے ۔ سب سے اہم بات یہ ہے کہ سرکاری زچگی خانہ سے متصل اس دفتر کے بالکل اندرونی حصہ میں قطب شاہی دور کی ایک قدیم درگاہ ہے جہاں عام شہریوں کو داخلہ کی اجازت نہیں ۔ ہم نے کسی نہ کسی طرح اس درگاہ تک رسائی حاصل کرتے ہوئے دیکھا کہ درگاہ انتہائی خستہ حال میں ہے ۔ آپ کو بتادیں کہ یہ درگاہ قطب شاہی دور کے ایک بزرگ حضرت لطف علی شاہ کی آخری آرام گاہ ہے ۔ اس پر درگاہ حضرت لطف علی شاہؒ کا بورڈ لگا ہوا ہے ۔ افسوس کی بات یہ ہے کہ وقف بورڈ کے عہدیدار بھی درگاہ حضرت لطف علی شاہؒ کے بارے میں کسی قسم کی معلومات نہیں رکھتے ویسے بھی موقوفہ جائیدادوں کے بارے میں وقف بورڈ عہدیداروں کی معلومات بہت ناقص ہیں ۔ حیرت کی بات یہ ہے کہ یہ درگاہ کا حوالہ باضابطہ وقف ریکارڈ میں موجود ہے اس کے باوجود وقف بورڈ حکام کو وقف ریکارڈس کا جائزہ لینے کی فرصت ہی نہیں ۔ راقم الحروف نے قرب و جوار میں رہنے والے بزرگ شہریوں سے بات کی ان لوگوں نے بتایا کہ عوام کو درگاہ حضرت لطف علی شاہ پر حاضری زیارت اور فاتحہ خوانی کی اجازت دی جانی چاہئے ۔ جس سے لوگوں میں ایک اچھا پیام جائے گا ۔ اس درگاہ کا وقف ریکارڈ اس طرح ہے ۔۔
Hyderabad/2435, Dargah Hazrath Syed Lutfe Ali Shah Mahboob
(Inside Police Transport)
21-5-19(s)(91), Petla Burj, Ward No.21, Area-381.0sqyds, Gaz.6-A, S/No.2428, GAZ,09-02-1989, Page No.107.