حیدرآباد۔/2جنوری، ( سیاست نیوز) صدر نشین وقف بورڈ محمد سلیم نے پیٹلہ برج میں واقع مسجد کے راستہ کی مسدودی کی کوششوں کو روکنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ عہدیداروں کے ساتھ مسجد کا عنقریب دورہ کرتے ہوئے مسجد کے قریب برقی سب اسٹیشن کی تعمیر کی کوششوں کا جائزہ لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ برقی حکام اور حکومت کے اعلیٰ عہدیداروں سے بات چیت کرتے ہوئے وہ برقی سب اسٹیشن کی منتقلی کو یقینی بنائیں گے۔ محمد سلیم نے کہا کہ مسجد اور اس کے راستہ کا بہر صورت تحفظ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مقامی افراد کی جانب سے انہیں نمائندگی وصول ہوئی ہے کہ برقی حکام مسجد کے راستہ کو مسدود کرنا چاہتے ہیں۔ سب اسٹیشن کی تعمیر سے راستہ انتہائی تنگ ہوجائیگا اور مصلیوں کو پارکنگ اور آمد و رفت کیلئے دشواری ہوسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ مسجد کا برسرموقع جائزہ لینے کے بعد ضرورت پڑنے پر چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے نمائندگی کریں گے۔