حیدرآباد۔ 3۔ڈسمبر (سیاست نیوز) وزیر آبپاشی ہریش راؤ نے الزام عائد کیا کہ حیدرآباد کو پینے کے پانی کی سربراہی سے متعلق پراجکٹ کی تعمیر میں چیف منسٹر آندھراپردیش چندرا بابو نائیڈو رکاوٹ پیدا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چندرا بابو نائیڈو کو یہ بات منظور نہیں کہ کرشنا ندی سے حیدرآباد کو پانی سربراہ کیا جائے۔ تلنگانہ بھون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کی ترقی کی راہ میں چندرا بابو نائیڈو وقفہ وقفہ سے مختلف سازشوں کے ذریعہ رکاوٹیں پیدا کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر حیدرآباد کو دوسرے بڑے سیاحتی مرکز کا درجہ حاصل ہوا ، جو چندرا بابو نائیڈو کو برداشت نہیں۔ انہوں نے بتایا کہ چندرا بابو نائیڈو حیدرآباد میں برانڈ امیج کو متاثر کرنے اور صنعتوں کے قیام میں رکاوٹ پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کو پینے کے پانی کی سربراہی میں رکاوٹ پیدا کرنا انتہائی افسوسناک ہے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ حکومت نے حیدرآباد کو 30 ٹی ایم سی پانی سربراہ کرنے کیلئے پالمور لفٹ اریگیشن پراجکٹ کو منظوری دی ہے۔ پراجکٹ کے کام کے آغاز کیلئے سروے کیا جارہا ہے ۔ اس مرحلہ پر پراجکٹ کی مخالفت میں چندرا بابو نائیڈو نے مرکز کو مکتوب روانہ کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ اس پراجکٹ کیلئے کرشنا واٹر بورڈ سے منظوری حاصل نہیں کی گئی۔ ہریش راؤ نے سوال کیا کہ آندھراپردیش میں حالیہ عرصہ میں تعمیر کئے گئے ہندری نوا اور پوتی ریڈی پاڈو پراجکٹس بھی کرشنا واٹر بورڈ کی منظوری کے بغیر تعمیر کئے گئے تھے۔ اب کیوں تلنگانہ پراجکٹ کی مخالفت کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دراصل چندرا بابو نائیڈو کو تلنگانہ عوام سے برہمی ہے جس کا اظہار وہ حیدرآباد کو پانی سے محروم کرتے ہوئے کرنا چاہتے ہیں۔ ہریش راؤ نے کہا کہ چندرا بابونائیڈو اور ان کے افراد خاندان حیدرآباد میں مقیم ہیں ، آندھراپردیش کا سکریٹریٹ اور چیف منسٹر کیمپ آفس حیدرآباد میں قائم ہے،
اس کے باوجود حیدرآباد کو پینے کے پانی کی سربراہی کی مخالفت کرنا افسوسناک ہے۔ ہریش راؤ نے تلگو دیشم تلنگانہ قائدین کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ وہ مجرمانہ خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ عوام اس بات پر برہم ہے کہ تلگو دیشم تلنگانہ قائدین چندرا بابو نائیڈو کی مخالف تلنگانہ سازشوں کو روکنے میں ناکام ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلگو دیشم قائدین کو چاہئے کہ وہ عوام کو اس بات کا جواز دیں کہ وہ چندرا بابو نا ئیڈو کے ساتھ ہیں یا پھر تلنگانہ عوام کے ساتھ ؟ ہریش راؤ نے کہا کہ اگر تلنگانہ تلگو دیشم قائدین کو حیدرآباد کے عوام سے ہمدردی ہے تو انہیں چاہئے کہ چندرا بابو نائیڈو کی مخالفت کریں یا پھر مستعفی ہوجائیں۔ انہوں نے کہا کہ تلگو دیشم قائدین اس بات کو فراموش نہ کریں کہ تلنگانہ عوام نے انہیں کامیابی دلائی ہے۔ ہریش راؤ نے تلگو دیشم قائدین کو مشورہ دیا کہ وہ حیدرآباد کو پانی کی سربراہی کے سلسلہ میں چندرا بابو نائیڈو کی رکاوٹوں کی مخالفت کریں ورنہ انہیں عوامی ناراضگی کا سامنا کرنا پڑے گا۔