پینے کے پانی کا مسئلہ حل کرنے کلکٹرس کو ریاستی وزرا ہدایت

حیدرآباد ۔ یکم اپریل ( این ایس ایس ) دیہی ترقیات کے وزیر جے کرشنا راؤ اور وزیر ٹرانسپورٹ پی مہیندر ریڈی نے آج ضلع کلکٹرس کو ہدایت دی کہ وہ اضلاع میں پینے کے پانی کے مسئلہ کو حل کرنے حرکت میں آجائیں۔ دونو ں وزرا نے محبوب نگر ‘ ناگر کرنول ‘ وقار آباد اور رنگا ریڈی اضلاع کے سیاسی قائدین ‘ ضلع کلکٹرس اور دوسرے عہدیداروں کے ساتھ ایک جائزہ اجلاس منعقد کیا اور ان سے کہا کہ وہ پینے کے پانی کی اسکیمات پر عمل آوری کرتے ہوئے اس مسئلہ کو حل کرنے کی کوشش کریں۔ وزرا نے تجویز کیا کہ عوام کو پینے کا پانی فراہم کرنے کیلئے ضرورت کے مطابق اقدامات کئے جائیں اور موسم گرما کے دوران پانی کی قلت نہ ہونے دیں۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ الیکٹریسٹی موٹرس ‘ پائپ لائینس ‘ بورویلس وغیرہ کی فوری مرمت کو یقینی بنائیں اور ضروری پوائنٹس پر ٹینکس کو کارکرد بناتے ہوئے پانی کی بروقت سربراہی کو یقینی بنانیاقدامات کریں۔ وزرا نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ وقار آباد ضلع میں 670 مقامات پر پینے کا پانی سپلائی کریں اور سابقہ رنگا ریڈی ضلع کے بقایہ جات کے طور پر 1.53 کروڑ کی اجرائی عمل میں لائیں۔