واشنگٹن۔ 3 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) نگران کار امریکی وزیر دفاع پیٹرک شناہن نے منگل کو ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ انہیں یہ ایقان ہے کہ ترکی روسی S-400 میزائل ڈیفنس سسٹم کی خریداری کا منصوبہ ترک کرتے ہوئے اس کی بجائے یو ایس پیٹریٹ سسٹم خریدے گا۔ یاد رہے کہ صرف ایک روز قبل ہی امریکہ نے اپنے F-35 لڑاکا طیارہ پروگرام کو ترکی کے ساتھ انجام دینے سے انکار کردیا تھا جو دراصل ترکی کی جانب سے روسی S-400 میزائل ڈیفنس سسٹم خریدنے کے خلاف ایک احتجاج تھا۔ مسٹر شناہن نے ایک بار پھر توقع ظاہر کی کہ انہیں پوری توقع ہے کہ ترکی پیٹریاٹ میزائلس کی خریداری کو ترجیح دے گا اور اگر ایسا ہوا تو F-35 لڑاکا طیارہ پروگرام اپنے مقررہ وقت پر منعقد ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں ترکی کے وزیر دفاع سے متعدد بار بات ہوئی ہے اور توقع ہے کہ موجودہ صورتحال کو ہم اپنے حکمت عملی شراکت دار (ترکی) کے ساتھ اس کے منطقی انجام کو پہنچائیں گے۔