پیغمبر اسلام ﷺ کی ولادت پوری انسانیت کیلئے خوشخبری

سرینگر۔ یکم ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام ) حریت کانفرنس (عمر) کے چیرمین اور متحدہ مجلس علماء جموں وکشمیر کے امیر اعلیٰ میرواعظ مولوی عمر فاروق نے سرور کائنات سیدالانبیاء حضرت محمد مصطفی ﷺکی ولادت با سعادت کو بلاامتیاز پوری انسانیت کے لئے نوید ، خوشخبری اور آپ کی مقدس ذات کو انسانیت کے لئے نجات دہندہ او ر حقیقی محسن اعظم قرار دیا ہے۔ میر واعظ نے ولادت با سعادت حضرت محمد مصطفی ﷺکی تقریب سعید کے سلسلے میں جامع مسجد سرینگر میں نماز جمعہ کے موقع پر ایک عظیم الشان اجتماع میں اپنے تفصیلی وعظ و تبلیغ کے دوران احادیث صحیحہ اور تفاسیر قرآن کریم کی روشنی میں آنحضور ﷺ کی ولادت باسعادت کا احاطہ کرتے ہوئے آپ ﷺ کی ولادت باسعادت کی تمام تر جزئیات اور معجزات کو بیان کیا اور کہاکہ حضرت پیغمبر آخر الزماں محمد مصطفی ﷺ کو اللہ تعالیٰ نے ایک عالمی رہنما کی حیثیت سے ایک مثالی نمونہ بناکر اس دنیا میں بھیجا اور دنیا والوں پریہ بات واضح کردی کہ زندگی کے ہر شعبے میں ہر دور اور ہر زمانے میں آپ ﷺکی مبارک زندگی تعلیمات عالیہ اور اُسوہ حسنہ کو کامل طور پر اپنا کر ہی دارین کی کامیابی حاصل کی جاسکتی ہے۔

فاروق اور عمر عبداللہ کی درگارہ حضرت بلؒ میں حاضری
سرینگر۔یکم ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام ) نیشنل کانفرنس کے صدر و رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے جشن میلاد النبیﷺکے مقدس موقع پر جمعہ کو درگاہ حضرت بلؒ میں حاضری دی اور نمازِ فجر بھی ادا کی جبکہ پارٹی کے کارگذار صدر عمر عبداللہ نے دوپہر میں حاضری دی اور نمازِ جمعہ بھی وہیں ادا کی۔نیشنل کانفرنس ترجمان کے مطابق دونوں قائدین نے وہاں عالم اسلام کی سربلندی، عالم انسانیت کی بقاء، ریاست میں مکمل امن و امان ، لوگوں کی خوشحالی ، مسئلہ کشمیر کے پُرامن حل اور کشمیری قوم مصائب ، مشکلات اور مظالم سے ہمیشہ کیلئے نجات پانے کیلئے دعا کی۔