پیشہ نرسنگ قابل احترام اور اہمیت کا حامل

تلنگانہ میں مزید نرسنگ کالجس کا قیام ناگزیر ، پروفیسر کودنڈا رام کا خطاب
حیدرآباد ۔ 12 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : چیرمین تلنگانہ پولٹیکل جے اے سی پروفیسر کودنڈا رام نے کہا کہ پیشہ نرسنگ انتہائی قابل احترام اور اہمیت کا حامل پیشہ ہے جس کا انسانی ہمدردی اور جذبہ خدمت خلق سے راست تعلق ہے ۔ پروفیسر کودنڈا رام آج رویندرا بھارتی میں تلنگانہ اسٹیٹ نرسیس جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے زیر اہتمام بانی نرسنگ فلورینس نائٹینگل کی 195 ویں یوم پیدائش کے موقع پر منعقدہ ’انٹرنیشنل نرسیس ڈے ‘ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی مخاطب تھے ۔ انہوں نے نرسنگ کورس کا سب سے پہلے آغاز کرنے والی خاتون فلورینس نائٹینگل کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ نائٹینگل نے جو نرسنگ کورس کی بنیاد ڈالی جس کے ذریعہ آج مریضوں کو کئی سہولتیں مہیا ہورہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سابق میں نرسنگ کورس سے متعلق عوام میں شعور نہیں تھا اور نرسنگ پیشہ سے گذشتہ کی بہ نسبت حالیہ دنوں میں کثیر تعداد وابستہ ہورہی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ہاسپٹلس میں ڈاکٹر سے زیادہ سسٹرس کو مریضوں کی نگہداشت کرنا پڑتا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ وقت گذرنے کے ساتھ ساتھ آبادی میں تیزی سے اضافہ کے تناسب کے لحاظ سے نرسنگ تعلیم کو وسعت دینے کے لیے ریاست تلنگانہ میں مزید نرسنگ کالجس کا قیام بھی انتہائی ناگزیر ہے ۔ انہوں نے تلنگانہ اسٹیٹ نرسیس جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی جانب سے پیش کی گئی ، نرسنگ ڈائرکٹریٹ کے قیام کی تجویز کی بھی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ نرسنگ ڈائرکٹریٹ کے قیام سے نرسنگ پیشہ کی شناخت کے علاوہ نرسیس کو درپیش مسائل کی یکسوئی میں بھی کافی معاون و مددگار ثابت ہوگا ۔ اس موقع پر ٹی این جی او قائد مسٹر دیوی پرساد نے مخاطب کرتے ہوئے کہا وہ نرسنگ ڈائرکٹوریٹ کے قیام اور نرسیس کو درپیش مسائل کے حل سے متعلق عنقریب چیف منسٹر سے نمائندگی کریں گے ۔ مسٹر کے رویندر ریڈی نے مخاطب کرتے ہوئے نرسنگ ڈائرکٹوریٹ کے قیام اور نرسیس کو ڈیوٹی کے دوران تحفظ فراہم کرنے اور انہیں درکار اہم بنیادی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنانے سے متعلق مسئلہ کو حکومت سے رجوع کرنے کا تیقن دیا ۔ اس موقع پر جنرل سکریٹری ٹی این جی اوز مسٹر ایم اے حمید ، قائد ٹی این جی اوز شریمتی ریچل ، کنوینر تلنگانہ نرسیس جے اے سی شریمتی سجاتا ، میڈیکل جے اے سی قائد ڈاکٹر سدھاکر ، ٹی این جی او قائد مسٹر ہری بابو ، صدر اے این ایم اسوسی ایشن شریمتی شانتا ، ریاستی صدر تلنگانہ نرسنگ اینڈ پیرا میڈیکل اسوسی ایشن مسٹر کے گوردھن کے علاوہ سمپورنا ، مریما ، شوبھارانی ، پراوین نے بھی مخاطب کیا ۔۔