پیشہ طب کی عظمت کا پاس رکھنے ڈاکٹرس پر زور

گاندھی میڈیکل کالج کی ڈائمنڈ جوبلی تقریب، ڈپٹی چیف منسٹر ڈاکٹر راجیا، محبوب عالم خاں و دیگر کا خطاب
حیدرآباد 14 سپٹمبر (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ ڈاکٹر ٹی راجیا نے آج ڈاکٹرس پر زور دیا کہ عوام میں مختلف امراض اور احتیاطی تدابیر سے متعلق بیداری پیدا کریں تاکہ عوام کو امراض کے بارے میں آگہی ہو اور وہ کسی مرض کی صورت میں تاخیر کے بغیر جلد ڈاکٹرس سے رجوع ہوسکیں۔ یہاں سکندرآباد میں گاندھی میڈیکل کالج کی ڈائمنڈ جوبلی تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی مخاطب کرتے ہوئے ڈاکٹر راجیا نے کہاکہ حکومت تلنگانہ ایک صحت مند ریاست کو فروغ دینے کے لئے کام کررہی ہے اور اس سمت میں حکومت پرائمری ہیلت سنٹرس کو مستحکم کرتے ہوئے بہتر طبی سہولتوں اور طبی نگہداشت کو یقینی بنارہی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ حکومت نے اسمبلی حلقہ کی سطح پر 100 بستروں کے ہاسپٹلس اور ہر ضلع میں سوپر اسپیشالیٹی ہاسپٹلس قائم کرنے کا تہیہ کیا ہے۔ بنی نوع انسان کی خدمت کیلئے خود کو وقف کرنے کیلئے ڈاکٹروں پر زور دیتے ہوئے ڈاکٹر راجیا نے کہاکہ ڈاکٹر کا پیشہ بہت عظیم ہوتا ہے اور ان ہی کو یہ پیشہ اختیار کرنا چاہئے جو بنی نوع انسان کی خدمت کا جذبہ رکھتے ہوں۔ قبل ازیں اُنھوں نے پروفیسر جئے شنکر کے مجسمہ کی نقاب کشائی کی۔ وزیرداخلہ این نرسمہا ریڈی نے اس موقع پر مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ اس طرح کے ایک اور دواخانہ کی ضرورت ہے کیونکہ گاندھی میڈیکل کالج اور عثمانیہ میڈیکل کالج آبادی کے پیش نظر کافی نہیں ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ ریاست کے ہر ضلع میں نمس جیسے ہاسپٹلس قائم کرنے بہت سنجیدہ ہیں۔ مسٹر بنڈارو دتاتریہ نے ریاست کے ان دو ہاسپٹلس میں انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ مسٹر محبوب عالم خان سکریٹری انوارالعلوم ایجوکیشن سوسائٹی نے پہلے گاندھی میڈیکل کالج کی تعمیر میں ان کے والد نواب شاہ عالم خان کے تعاون کا ذکر کیا جب اسے پیپلز میڈیکل کالج سے جانا جاتا تھا۔ اُنھوں نے کہاکہ ان کالجس کے قیام میں پروفیسر نظام الدین کا اہم رول ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ اُس وقت ہاسپٹل یامیڈیکل کالجس آمدنی کا ذریعہ نہیں ہوا کرتے تھے بلکہ سماج کی خدمت کا ذریعہ ہوا کرتے تھے لیکن افسوسناک امر یہ ہے کہ آج حالات بدل گئے ہیں۔ تاہم انوارالعلوم ایجوکیشنل سوسائٹی اقدار پر مبنی تعلیم فراہم کرنا چاہتی ہے۔ طب کی تعلیم کو غریبوں کیلئے فائدہ مند بنانے کے اقدامات کرنے حکومت پر زور دیتے ہوئے اُنھوں نے ریاستی حکومت سے نئی طبی سہولتوں کی فراہمی کی خواہش کی۔ ڈاکٹر کے لنگیا ایگزیکٹیو چیرمین آرگنائزنگ کمیٹی، ڈاکٹر کے رمیش ریڈی آرگنائزنگ سکریٹری کے علاوہ بی نرسیا ایم پی اور کیشو راؤ ایم پی نے بھی مخاطب کیا۔ اس موقع پر طلبہ کو گولڈ میڈلس دیئے گئے۔