پیر سلمان الگیلانی کی حیدرآباد آمد

حیدرآباد۔3جنوری (سیاست نیوز) شہزادۂ حضور غو ث الاعظم ؒ حضرت پیر سلمان الگیلانی اپنے مختصر دورۂ ہند کے سلسلہ میں 5 جنوری کو حیدرآباد پہنچیں گے۔ حضرت پیر سلمان گیلانی کا قیام دورۂ حیدرآباد کے دوران نواب جمال الدین علی خان کی قیام گاہ واقع ہل فورٹ روڈ متصل کلانجلی روبرو باغ عامہ رہے گا۔ جگر گوشۂ حضور غوث اعظم دوران قیام کے دوران اپنے مریدین و معتقدین سے ملاقات کریں گے۔ قیام حیدرآباد کے دوران حضرت پیر سلمان الگیلانی سلسلہ ٔ عالیہ قادریہ میں بیعت بھی کروائیں گے اور سلسلہ قادریہ کی تعلیمات کے سلسلہ میں درس و تدریس کی مخصوص محافل کا بھی انعقاد عمل میں لایا جائے گا ۔ جگر گوشۂ غوث الثقلین ؒ اپنے قریب ایک ماہ قیام حیدرآباد کے دوران فیضان سلطان الاولیاء کے متعلق بھی اہل سلسلہ کو تعلیمات فراہم کریں گے۔پیر سلمان الگیلانی کے دو سال بعد دورۂ حیدرآباد کے سبب مریدین و معتقدین کے علاوہ اہل سلسلہ میں جوش و خروش پایا جاتاہے ۔ جگر گوشۂ سیدنا پیران پیر ؒ 5جنوری کو شام 5 بجے بذریعہ طیارہ راجیو گاندھی انٹرنیشنل ائیرپورٹ پہنچیں گے۔