نئی دہلی 5 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) تشدد زدہ ملک عراق سے آئندہ دو دنوں میں ایک اندازہ کے مطابق 600 ہندوستانی شہریوں کی واپسی کا امکان ہے ۔ کہا گیا ہے کہ 600 کے منجملہ دو سو ہندوستانی شہری عراقی ائرویز کی خصوصی چارٹرڈ فلائیٹ سے نجف سے نئی دہلی پہونچیں گے ۔ ان کی آج رات ہی آمد کا امکان ظاہر کیا گیا ہے ۔ وزارت خارجہ نے یہ بات بتائی ۔ وزارت خارجہ کے ایک عہدیدار نے کہا کہ عراق سے ہندوستانیوں کی واپسی میں تیزی آگئی ہے ۔ وزارت خارجہ ترجمان کے بموجب آج رات پہونچنے والے 200 ہندوستانیوں کے علاوہ مزید 400 ہندوستانی شہری ہندوستان میں مختلف مقامات بشمول ممبئی ‘ کولکتہ ‘ بنگلور ‘ چینائی اور حیدرآباد پہونچیں گے ۔ ان کی پروازیں مختلف اوقات میں آنے والی ہیں۔ سمجھا جاتا ہے کہ اب تک پیر تک جملہ 1200 ہندوستانی باشندے سرکاری خرچ پر عراق سے وطن واپس آئیں گے ۔ بغداد میں ہندوستانی سفارتخانہ کی کوششوں یس عراقی کمپنیوں کی جانب سے بھی مزید 600 ہندوستانیوں کو وطن واپس بھیجنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ ترجمان نے بتایا کہ بغداد میں ہندوستانی سفارتخانہ کی جانب سے تقریبا 400 ہندوستانیوں کو سفری دستاویزات کی فراہمی کیلئے بھی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ یہ افراد کئی بڑی کمپنیوں میں ملازم ہیں اور ان کیلئے انتظامات کئے جا رہے ہیں۔ ترجمان نے بتایا کہ گذشتہ پندرہ دنوں میں عراق سے تقریبا 2200 ہندوستانی شہری اپنے وطن واپس ہوئے ہیں۔