لیما، 4 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) پیرو کے سابق صدر البرٹو فوزیو مورو کو انسانی بنیاد پر دی گئی معافی سپریم کورٹ نے واپس لے کر انہیں جیل بھیج دیا ہے ۔انہیں گزشتہ سال دسمبر میں انسانی بنیاد پر معافی دی گئی تھی ۔سابق صدر پیڈرو پابلو نے فیصلہ کی جم کر مذمت کی تھی کہ انہوں نے بدعنوانی کے الزامات کے سبب خودکو مواخذہ سے بچانے کے لئے یہ سودا کیا تھا۔اخبار ‘دی گارجین’ کے مطابق انسانی حقوق کے کارکنوں اور دیگر تنظیموں نے سپریم کورٹ کے اس فیصلہ کا خیر مقدم کیا ہے لیکن ان کے حامی اور سیاسی طور پر قد آور ان کی بیٹی کائیکو نے اس فیصلے کی سختی سے مذمت کی ہے ۔یاد رہے مسٹر فوزیو مورو کی تعریف سیاسی حلقوں میں اس بات کیلئے کی جاتی ہے کہ انہوں نے 1990 کی دہائی میں ماؤنواز باغیوں کے ساتھ کوئی نرمی نہیں برتی تھی اور اس بغاوت کو کچل دیا تھا۔ لیکن ان کے مخالفین کا کہنا ہے کہ وہ ایک بے رحم آمرتھے جنہوں نے ہزاروں بے قصورکسانوں پر گولیاں چلانے کا حکم دیا تھا۔