پیرس میں مطلوب سری لنکائی دہشت گرد کی اتفاقی گرفتاری

بابیگنی ( فرانس ۔ 15 جنوری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) بالکل کسی فلمی کہانی کی طرح ایک سری لنکائی شخص جو دہشت گردی میں ملوث ہونے پر بین الاقوامی گرفتاری وارنٹ کے تحت مطلوب تھا ، اُس وقت اتفاقاً گرفتار کرلیا گیا جب وہ ایک پولیس اسٹیشن میں ملازمت کے مقام کے ناقص ہونے کی شکایت لیکر پہنچا تھا ۔ دریں اثناء عدالتی ذرائع نے بتایا کہ جنیتن تھارمالنگم جس کی عمر 36 سال ہے ، ایک غیرقانونی ملازمت کا شکار تھا ۔ رمالنگم اس بات کا خواہاں تھا کہ اس کی شکایت نوٹ کی جائے ۔ دریں اثناء ایک پولیس ذریعہ نے شناخت مخفی رکھے جانے کی شرط پر بتایا اکہ شکایت کنندہ کو جب پولیس والوں نے غور سے دیکھا تو انھیں فوراً یہ شبہ ہوا کہ یہ تو وہی شخص ہے جو بین الاقوامی گرفتاری وارنٹ کے تحت مطلوب دہشت گرد ہے ۔ اُسے پیرس کی ایک عدالت میں پیش کیا گیا جہاں اُسے مذکورہ وارنٹ کے بارے میں بتایاگیا تاہم بعد میں اُس کی ضمانت پر رہائی عمل میں آئی ۔ تھرمالنگم مبینہ طورپر لبریشن ٹائیگرس اور ٹامل ایلم کا رکن تھا جس نے سری لنکا میں حکومت کے ساتھ 37 سال طویل جدوجہد کی جس میں زائد از ایک لاکھ افراد ہلاک ہوگئے اور بالآخر سری لنکائی افواج نے 2009 ء میں ایل ٹی ٹی ای کو سری لنکا سے جڑ سے اُکھاڑ دیا۔

اسلحہ کی دریافت پر فلسطینیوں کی معذرت خواہی
پراگ ۔ 15 جنوری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) ژیکو سلواکیہ کی وزارت خارجہ نے آج ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ پراگ میں فلسطینی سفارت خانے میں جو غیرقانونی ہتھیار پائے گئے تھے اُس پر فلسطینیوں نے اظہار معذرت کیا ہے ۔ سفارت خانے سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ فلسطینیوں نے معذرت خواہی کے بعد یہ تیقن دیا ہے کہ اس نوعیت کے واقعات دوبارہ رونما نہیں ہوں گے ۔ یاد رہے کہ دھماکہ کے بعد پولیس نے جب سفارت خانے کی عمارت کی تلاشی لی تو وہاں ایسے 12 ہتھیار پائے گئے جو رجسٹرشدہ نہیں تھے جو یقینی طورپر ہتھیاروں سے متعلق بین الاقوامی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے ۔یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہے کہ سفیر جمال الجمال اُس وقت دھماکہ میں ہلاک ہوگئے تھے جب ایک تجوری دھماکہ سے پھٹ پڑی تھی ۔ مرحوم نے گزشتہ سال اکتوبر میں ہی اپنے عہدہ کا جائزہ حاصل کیا تھا۔ قبل ازیں فلسطینیوں نے ادعا کیا تھا کہ ہتھیار غیرقانونی نہیں ہیں بلکہ سردجنگ کے زمانے سے تعلق رکھتے ہیں۔ اب تک یہ پتہ نہیں چلا ہے کہ تجوری آخر کیوں کر دھماکہ سے پھٹی لیکن لاپرواہی کا معاملہ درج کرتے ہوئے پولیس سفیر کی ہلاکت کی تحقیقات کررہی ہے ۔