پیرس میں ’ایلو ویسٹ‘ پہنے مظاہرین کی چوتھے ہفتے بھی پولیس کے ساتھ جھڑپیں

پیرس ۔8 ڈسمبر۔(سیاست ڈاٹ کام) فرانس کے دارالحکومت پیرس میں حکومت مخالف مظاہرے چوتھے ہفتے میں داخل ہو گئے ہیں اور اس دوران پولیس کی مظاہرین سے پرتشدد جھڑپیں ہوئی ہیں۔ ہفتہ کو پیرس کے وسطی علاقے میں پانچ ہزار کے قریب مظاہرین جمع ہوئے اور انھیں منشتر کرنے کیلئے پولیس نے آنسو گیس کا استعمال کیا ہے جبکہ کم از کم 300 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔ پیرس میں جاری مظاہروں پر قابو پانے کیلئے آٹھ ہزار پولیس اہلکار اور 12 بکتر بند گاڑیاں تعینات کی گئی ہے جبکہ ملک کے دیگر شہروں میں مظاہروں کی وجہ سے 90 ہزار پولیس اہلکار تعینات ہیں۔فرانس میں’ایلو ویسٹ‘ تحریک ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف شروع ہوئی تھی جبکہ حکومتی وزراء کا کہنا ہے کہ تحریک کو پرتشدد مظاہرین نے یرغمال بنا لیا ہے۔ گذشتہ ہفتے مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپوں میں بڑی تعداد میں مظاہرین زخمی ہوگئے تھے اور یہ فرانس میں کئی دہائیوں میں ہونے والے سب سے پرتشدد مظاہرے تھے۔