بروسیلز۔27 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) بیلجیئم نے پیرس حملوں کے زندہ بچ جانے والے مشتبہ حملہ آور صالح عبدالسلام کو فرانس کے حوالے کر دیا ہے۔پیرس میں 13 نومبر 2015ء کو ایک کنسرٹ ہال، ایک اسٹیڈیم، ریستوران اور شراب خانوں پر ہونے والے حملوں میں 130 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ صالح عبدالسلام کو 18 مارچ کو ڈرامائی انداز میں برسلز میں گرفتار کیا گیا۔ یہ گرفتاری برسلز میں ہونے والے دھماکوں سے چار دن پہلے عمل میں آئی تھی جن میں 32 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ پولیس کا خیال ہے کہ دونوں شہروں میں ہونے والے حملوں کے پیچھے ایک ہی گروہ کا ہاتھ تھا۔ 26 سالہ صالح عبد السلام کی پیدائش بیلجیئم میں ہوئی تھی لیکن وہ ایک فرانسیسی شہری ہے۔ پیرس حملوں کے بعد وہ چار ماہ تک بروسیلزچھپا ہوا تھا۔
جنوبی کوریا اور امریکہ کے درمیان خلائی تعاون کا معاہدہ
سیئول۔27 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی کوریا اور امریکہ نے خلائی تعاون کے معاہدے پر دستخط کئے ہیں۔ جنوبی کوریا کے وزیر خارجہ یون بائیونگ سے اور امریکی سفیر مارک لیپرت نے معاہدے پر دستخط کئے جنوبی کوریا امریکہ کے ساتھ اس طرز کا معاہدہ کرنے والا پہلا ایشیائی ملک بن گیا ہے معاہدہ پارلیمانی توثیق کے بعد موثر ہونے کی توقع ہے جنوبی کوریا اور واشنگٹن کے درمیان 2010 سے خلائی تعاون کے معاہدے پر مذاکرات جاری ہیں۔