پیرس حملہ آوروں پر مشتمل آئی ایس کا نیا ویڈیو

لندن ۔ 25 ۔ جنوری (سیاست ڈاٹ کام) اسلامک اسٹیٹ نے آج ایک نیا ویڈیو جاری کرتے ہوئے 9 پیرس حملہ آوروں کو دکھایا ہے اور لندن کے اہم مقامات کا فوٹیج بتاتے ہوئے ان پر حملوں کی دھمکی دی ہے۔ 17 منٹ طویل اس ویڈیو کا عنوان ’’پیرس معدوم ہوچکا‘‘ رکھا گیا ہے جس میں حملہ آوروں کے گزشتہ نومبر کو کئے گئے پیرس حملہ سے قبل آخری بیانات سنائے گئے۔ اس ویڈیو میں بگ بین ، ٹاور بریج اور ٹرافلگر اسکوائر کے علاوہ وزیراعظم برطانیہ ڈیوڈ کیمرون اور دارالعوام کے اسپیکر جان برکو کا مکان دکھایا گیا۔ اس ویڈیو میں بلال حدفی کو سرقلم کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ پیرس حملوں میں وہ ہلاک ہوگیا تھا ۔ اس ویڈیو کلپ میں ڈیوڈ کیمرون کے دارالعوام سے خطاب کا حوالہ دیا گیا اور کہا گیا کہ جو کوئی کفر کی راہ اختیار کرے گا وہ ہماری تلواروں کی زد میں آئے گا اور وہ نامراد ہوکر رہے گا۔ حکومت برطانیہ کے ترجمان نے کہا کہ ہم آئی ایس کے اس ویڈیو کا تجزیہ کر رہے ہیں، جوکہ تیزی سے ختم ہورہے گروپ کی ایک اور ناکام کوشش ہے۔