نئی دہلی۔/21مئی، ( سیاست ڈاٹ کام ) آل انڈیا پیرا میڈیکل ٹسٹ اکزامنیشن جس میں جوابات کی کلید کے افشاء جیسی بے قاعدگیاں ہوئی تھیں دوبارہ انعقاد آخری اقدام ہوگا، سپریم کورٹ نے آج یہ بات کہی اور ہریانہ پولیس کو ہدایت دی کہ بے قاعدگیوں کے مرتکبین کا پتہ چلائیں ۔ تعطیلاتی بنچ کے جسٹس اے کے سکری اور یویو لکشمی نے بعض والدین کے مطالبہ پر دوبارہ امتحان کے انعقاد کیلئے رولنگ دیئے بغیر کہا کہ ہم یہاں کھلے ذہن کے ساتھ بیٹھے ہیں اور جہاں تک دوبارہ امتحان منعقد کرنے کا مطالبہ ہے ہم تو یہ فیصلہ کریں گے جوکہ آخری اقدام کی صورت میں ہوگا۔ سماعت کے دوران عدالت نے یہ تبصرہ کیا کہ ملک بھر میں 6لاکھ طلباء کو دوبارہ امتحان تحریر کرنے کیلئے کیوں کہا جائے جبکہ ہمیں صرف فائدہ اٹھانے والوں کی تعداد کا پتہ چلانے کی ضرورت ہے۔