تاجرین کو قلت پیدا کرنے کے خلاف انتباہ : کمشنر سیول سپلائز
حیدرآباد ۔ 30 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : ریاست میں پیاز کی درآمد میں بھاری کمی واقع ہوئی ہے جب کہ ریاست میں 80 فیصد پیاز مہاراشٹرا سے درآمد کی جاتی ہے اور اس میں زیادہ حصہ شہر حیدرآباد کو درآمد ہوتی ہے بعد ازاں شہر سے ریاست کے مختلف اضلاع کو برآمد کی جاتی ہے ۔ جس کی وجہ سے حیدرآباد کی تمام ہول سیل پیاز کی مارکٹوں میں پیاز کی قلت پائی جاتی ہے اور پیاز کے تاجرین مارکٹ میں مصنوعی قلت پیدا کرتے ہوئے صارفین کو پریشان کررہے ہیں ۔ فی الحال ہول سیل مارکٹ میں فی کنٹل پیاز 26 ہزار روپئے ہے جب کہ ریٹیل مارکٹ میں پیاز فی کلو 30 تا 40 روپئے فروخت کی جارہی ہے ۔ تاجرین پیاز کے مطابق عام دنوں شہر میں 100 تا 150 لاری پیاز درآمد ہوتی تھی مگر چار دنوں سے پیاز برآمد کرنے والی ریاستوں میں شدید بارش کی وجہ سے شہر میں درآمد ہونے والی پیاز پر بھاری اثر پڑا ہے ۔ اسی دوران محکمہ سیول سپلائز کے کمشنر سی وی آنند نے انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ پیاز کی مصنوعی قلت پیدا کرنے والے تاجرین کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔ انہوں نے متعلقہ عہدیداران کو احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ پیاز کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ کو روکتے ہوئے اضافہ کرنے والے تاجرین کے خلاف سخت کارروائی کریں ۔ واضح ہو کہ مرکزی حکومت نے بھی مصنوعی قلت پیدا کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کے لیے ریاستی حکومتوں کو احکامات جاری کئے ہیں ۔۔