پیاز کی قیمت میں پھر اضافہ !

نئی دہلی۔29 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) مہاراشٹرا میں لاسل گائوں جہاں ایشیاء کا سب سے بڑا ہول سیل مارکٹ ہے، پیاز کی قیمتیں پھر بڑھنا شروع ہوگئی ہیں۔ پیاز کی نئی کھیپ کے نہ پہنچنے اور موجودہ ذخیرہ تیزی سے ختم ہونے کی بناء قیمت میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ تازہ خریف کی فصل بھی جاریہ سال 25 تا 30 فیصد کم ہونے کی توقع ہے۔ پیاز کی قیمت اگست میں یہاں لاسل گائوں میں 57 روپئے فی کیلو گرام تک پہنچ گئی تھی۔ اس کے بعد مرکز نے کئی اقدامات کئے اور اقل ترین برآمداتی قیمت میں اضافے کے ساتھ ساتھ درآمدات کو یقینی بنایا جس کی وجہ سے اندرون ملک پیاز کی سربراہی میں کسی قدر بہتری آئی اور اس کی قیمت میں بھی کمی واقع ہوئی تھی۔ چنانچہ لاسل گائوں میں 16 اکٹوبر کو پیاز کی قیمت 25 روپئے فی کیلو ریکارڈ کی گئی۔ گزشتہ ہفتے سے پھر ایک بار اضافے کا رجحان دیکھا جارہا ہے اور اب اس کی قیمت 32 روپئے فی کیلو تک پہنچ گئی ہے۔ دہلی اور دیگر ہول سیل منڈیوں میں بھی پیاز کی قیمت میں اضافہ دیکھا جارہا ہے۔ ناسک کے نیشنل ہارٹیکلچرل ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ فائونڈیشن ڈائرکٹر آر پی گپتا نے کہا کہ یہ معمول کا رجحان ہے ۔ پیاز کی ہول سیل قیمت اوسطا ً 30 روپئے فی کیلو کے آس پاس ہے۔