پیاز کی قیمت میں اضافہ، ذخیرہ اندوزوں کیخلاف کارروائی کی ہدایت

ممبئی، 29 اگست (سیاست ڈاٹ کام ) پیاز کی قیمتوں میں غیرمعمولی اضافہ پر سنجیدگی سے توجہ دیتے ہوئے مرکز نے آج ریاستی حکومتوں اور مرکز کے زیر انتظام خطوں کو جمع خوروں اور منافع خوروں کے خلاف کارروائی کا حکم دیا ہے ۔صارفین کے امور، خوراک اور عوامی تقسیم کی وزارت نے آج یہاں کہاکہ ‘اس کارروائی سے امید ہے کہ پیاز کی قیمتیں کم ہوں گی اور صارفین کو فوری طور پر راحت ملے گی۔کُل ہند سطح پر پیاز کی اوسط خردہ قیمت بڑھ کر 15 روپئے سے 28.94 فی کلوگرام ہوگئی ہے ۔ بڑے شہروں جیسے چنئی میں اس کی قیمت بڑھ کر 31 روپئے ، دہلی میں 38 روپئے ، کولکاتا میں 40 روپئے اور ممبئی میں 33 روپئے ہوگئی ہے ۔اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ اس سال بازار میں پیاز کی پیداوار اور سپلائی گزشتہ سال کے مقابلے بہتر رہی ہے ،مرکز نے کہاکہ پیاز کی قیمتوں میں اضافہ کے دوسرے اسباب ہیں جیسے کہ پیاز کی جمع خوری، منافع خوری وغیرہ۔وزارت نے کہاکہ ‘ریاستیں اب پیاز کے محدود پیمانہ سے زیادہ جمع کرنے پر پابندی لگا سکتی ہیں اور منافع خوروں کے خلاف کارروائی کر سکتی ہیں۔