پیاز کی طرح آلو کی برآمد پر مرکز کی تحدیدات بڑھتی قیمت پر قابو پانے اقدامات

نئی دہلی ۔ 27 جون (سیاست ڈاٹ کام) پیاز کے بعد حکومت گھریلو بازار میں آلو کی دستیابی کو یقینی بنانے کیلئے اس کی برآمدگی پر فی ٹن اقل ترین شرح برآمد عائد کیا ہے۔ حکومت کے اس اقدام کا مقصد جہاں بازار میں آلو کی وافر مقدار میں دستیابی کو یقینی بنانا ہے وہیں اس کی قیمت پر بھی کنٹرول رکھنا ہے۔ ڈائرکٹوریٹ جنرل آف فارن ٹریڈ (ڈی جی ایف ٹی) کی جانب سے جاری کردہ ایک اعلامیہ میں بتایا گیا ہیکہ آلو کی برآمد کی اجازت اقل ترین شرح برآمد سے مشروط رہے گی۔ وزیرفینانس مسٹر ارون جیٹلی نے اعلان کیا ہیکہ غذائی اشیاء کی قیمتوں پر کنٹرول کرنے کی کوششوں کے ایک حصہ کے طور پر حکومت پیاز اور آلو کی برآمد پر زیادہ سے زیادہ ایم ای پی (اقل ترین شرح برآمد) کی شکل میں پابندیاں عائد کرنے کا فیصلہ کیا۔ واضح رہیکہ ملک میں پیاز کی قلت اور بڑھتی قیمت کو روکنے 17 جون کو حکومت نے ایک اعلامیہ جاری کرتے ہوئے پیاز کی برآمد پر فی ٹن اقل ترین شرح برآمد 300 روپئے عائد کرنے کا اعلان کیا تھا۔ جمعرات کو آلو کی برآمد پر ایک طرح سے پابندی عائد کرنے کی خاطر فی ٹن اقل ترین برآمدی قیمت بڑھادی گئی۔ بتایا جاتا ہیکہ دارالحکومت دہلی میں آلو فی کیلو 25 تا 30 روپئے فروخت کیا جارہا ہے۔