پیاز کی اقل ترین برآمداتی قیمت میں اضافہ

نئی دہلی۔ 2 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) حکومت نے آج پیاز کی برآمداتی قیمت میں اضافہ کرکے اسے 500 امریکی ڈالرس فی ٹن کردیا تاکہ اندرون ملک سربراہی کو بہتر بنایا جاسکے اور قیمتوں پر قابو پایا جاسکے۔ گزشتہ ماہ پیاز کی اقل ترین برآمداتی قیمت دوبارہ 300 امریکی ڈالرس فی ٹن کردی گئی تھی جبکہ 3 ماہ قبل مارچ میں سابقہ حکومت نے اسے برخاست کردیا تھا۔ وزارت برائے فروغ برآمدات کی شرح برآمدات کیلئے کمتر رکھنے کی اجازت ہے۔ پیاز کی چلر فروشی کی قیمت میں اضافہ ہوکر یہ 25 تا 30 روپئے فی کیلوگرام ہوگئی ہے۔ جبکہ ٹھوک فروشی کی قیمتیں 18 روپئے 50 پیسے فی کیلوگرام قومی دارالحکومت میں ہیں۔ پیاز کی اقل ترین برآمداتی قیمت میں اضافہ کا فیصلہ 30 جون کو بین وزارتی کمیٹی نے کیا۔ ایک سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بڑھتی ہوئی چلر فروشی اور ٹھوک فروشی کی قیمتوں اور بارش کی آمد میں تاخیر کے پیش نظر کمیٹی نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا کہ اقل ترین برآمداتی قیمت 500 امریکی ڈالرس فی ٹن مقرر کی جائے جو 30 روپئے فی کیلوگرام ہوتی ہے تاکہ اندرون ملک قیمتوں میں اضافہ پر قابو پایا جاسکے اور اندرون ملک سربراہی کو بھی باقاعدہ بنایا جاسکے۔ کمیٹی نے مشاہدہ کیا کہ ٹھوک فروشی اور چلر فروشی پیاز کی قیمتیں بڑھتی جارہی ہیں۔ پیداوار میں کمی اور استعمال میں اضافہ کے پیش نظر بازاروں میں قیمت زیادہ ہوتی جارہی ہے۔ اس کے باوجود پیاز کی اقل ترین برآمداتی قیمت 300 امریکی ڈالرس فی ٹن ہے، لیکن پیاز کی برآمد میں کوئی قابل لحاظ انحطاط نہیں آیا ہے۔ پیاز کی قیمتیں پیشگی تجارت اور قیاس آرائیوں کی وجہ سے بڑھتی جارہی ہیں۔ اس کے علاوہ معمول سے کم بارش ہونے کے امکانات کی وجہ سے بھی ایسا ہورہا ہے۔ پیاز کی ٹھوک فروش قیمتیں مہاراشٹرا کے علاقہ لاسلگاؤں میں جو ایشیا کی پیاز کی سب سے بڑی منڈی ہے، تقریباً جون سے 80% زیادہ ہوگئی ہیں اور 18 روپئے 50 پیسے فی کیلوگرام ہیں۔ پیاز کی پیداوار کا تخمینہ 192 لاکھ ٹن 2013-14ء زرعی سال کے دوران (جولائی تا جون) لگایا گیا تھا، لیکن 2012-13ء میں 168 لاکھ ٹن پیاز برآمد کی گئی۔ دریں اثناء برآمدات میں 13.58 لاکھ ٹن کمی آئی۔ گزشتہ مالی سال میں 2012-13ء کے دوران یہ 18.22 لاکھ ٹن تھی۔جون تا نومبر پیداوار کی قلت کے دوران اس کی پابجائی ربیع (سرما) کی فصل کے دوران ذخیرہ اندوزی کی ہوئی پیاز اور خریف (گرما) کی فصل کی تازہ پیاز کی پیداوار کے ذریعہ کیا گیا۔