نئی دہلی ۔ یکم جولائی (سیاست ڈاٹ کام) پیاز اور آلو کی قیمتوں پر کنٹرول کے لئے کابینی کمیٹی برائے معاشی اُمور کا کل ایک اجلاس منعقد ہورہا ہے جس میں امکان ہے کہ ذخیرہ اندوزی کی حد مقرر کی جائے گی اور اِس کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی یقینی بنائی جائے گی۔ اِس وقت دالوں، خوردنی تیل اور تیل کے بیج پر سپٹمبر 2014 ء تک ذخیرہ اندوزی کی حد مقرر ہے جبکہ چاول اور دھان کے لئے یہ حد جاریہ سال نومبر تک کیلئے ہے۔ کابینی کمیٹی برائے معاشی اُمور کا اجلاس کل منعقد ہورہا ہے
جس میں پیاز اور آلو پر بھی اِسی طرح کی حد مقرر کئے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ وزارت اُمور صارفین نے یہ تجویز پیش کی ہے تاکہ ریاستی حکومتیں ذخیرہ اندوزی کے خلاف مؤثر کارروائی کرسکے۔ اِس کے نتیجہ میں بڑھتی قیمتوں پر قابو پانے میں سہولت ہوگی اور پیاز و آلو عوام الناس کیلئے دستیاب رہیں گے۔ مغربی بنگال، دہلی اور چھتیس گڑھ کی حکومتوں نے پہلے ہی اِس طرح کی حد مقرر کرنے کی اجازت طلب کی ہے۔ اِس دوران ریاستی حکومتوں نے ذخیرہ اندوزوں اور بلیک مارکٹنگ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی پر بھی زور دیا ہے۔ حکومت اِس ضمن میں مختلف اقدامات کررہی ہے۔