تعلیمی اداروں کی جے اے سی کا حکومت کو مشورہ
حیدرآباد ۔ یکم مئی (سیاست نیوز) حیدرآباد ہائیکورٹ کی طرف سے تلنگانہ حکومت کو بغیر وردی پولیس کے ساتھ تعلیمی اداروں کے معائنہ کی اجازت دیئے جانے کے بعد تعلیمی اداروں کی مشترکہ مجلس عمل نے کہاکہ ہڑتال اس وقت تک جاری رہے گی جب تک کہ حکومت پوری طرح سے پولیس کو منظر سے نہیں ہٹادیتی۔ جے اے سی نے حکومت سے مطالبہ کیاکہ وہ پہلے کارپوریٹ اسکولس اور کالجس پر دھاوے کرے، انھیں نشانہ بنانا منصفانہ نہیں ہے۔ کنوینر جے اے سی رام داس نے کہاکہ ہم کارپوریٹ کالجس کی طرح عوام سے رقم نہیں لوٹ رہے ہیں۔ ہم نے ایسے دور دراز علاقوں میں بھی انٹر اور ڈگری کالجس قائم کئے ہیں جہاں حکومت آئندہ بیس برسوں میں بھی ایک کالج قائم کرنے کی ہمت نہیں کرسکتی۔ جے اے سی ہائیکورٹ کے فیصلہ کا خیرمقدم کرتی ہے لیکن دھاوا کرنے والے محکمہ تعلیم کے عہدیداروں کے ساتھ سادہ پولیس نہیں رہنا چاہئے۔