پہلے دن ایک لاکھ افراد کا سفر، این وی ایس ریڈی مطمئن

حیدرآباد۔/29نومبر،( سیاست نیوز) میٹرو ریل کے منیجنگ ڈائرکٹر این وی ایس ریڈی نے کہا کہ پہلے دن تقریباً ایک لاکھ عوام نے میٹرو ریل میں سفر کیا اور حیدرآبادی عوام نے ڈسپلن کے پابند ہونے کا پھر ایک بار ثبوت پیش کیا۔ آئندہ سال جون 2018 تک میٹرو ریل کے تینوں مرحلوں کی تکمیل کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ این وی ایس ریڈی نے عوام کے اطمینان پر ردعمل کااظہار کرتے ہوئے بہت جلد ناگول تا میاں پور ایک ہی ٹرین چلائی جائے گی۔ اور ساتھ ہی میٹرو پاسیس کی اجرائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔ ایم ڈی میٹرو ریل نے کہا کہ پہلے دن میاں پور سے امیر پیٹ تک 8 منٹ میں اور امیر پیٹ سے ناگول تک 15 منٹ میں ایک ایک ٹرین چلائی گئی ہے۔ مستقبل میں ناگول تا میاں پور ایک ہی ٹرین چلائی جائے گی۔ عوام کے سفر کو آرام دہ اور محفوظ بنانے کیلئے ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے۔ ایک ماہ میں پارکنگ کے کام مکمل ہوجائیں گے جس کے بعد پارکنگ فیس کا تعین کیا جائے گا۔ انہوں نے میٹرو ریل کے کرایوں پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سنٹرل میٹرو ایکٹ کے تحت حکومت ہند ہی کرایوں کا فیصلہ کرتی ہے ۔ آئندہ سال جون 2018 تک پراجکٹ کے تینوں مرحلوں کی تکمیل کا نشانہ مقرر کیا گیا ہے۔