پہلی جنگ عظیم کے 100 سال ،عالمی قائدین تقریب میں شریک

کینبرا ۔ 4 اگست (سیاست ڈاٹ کام)ایک سو سال پہلے شروع ہونے والی پہلی عالمی جنگ کی یاد میں بیلجیم میں تقریبات کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ آج مرکزی تقریب میں فرانسیسی صدر فرانسوا اولانڈ، جرمن صدر یوآخیم گاؤک اور بیلجیم کے وزیر اعظم ایلیو ڈی رْوپو سمیت تقریباً 80 ملکوں کے سربراہانِ مملکت و حکومت شرکت کر رہے ہیں۔ ایک سو سال پہلے آج ہی کے روز جرمن دستے، جنہوں نے ایک رات پہلے غیر جانبدار بیلجیم پر حملہ کر دیا تھا، شہر لیوٹِش میں داخل ہو گئے تھے۔ جرمنوں نے اس شہر کی تاریخی لائبریری سمیت اس شہر کو بڑی حد تک تباہ کر دیا تھا جبکہ اگست 1914ء میں ہونے والی شدید جھڑپوں میں ہزاروں افراد مارے گئے تھے۔ جرمن صدر گاؤک نے اپنے خطاب میں کہا کہ ایک سو سال پہلے جرمن دستوں کے حملے کو کسی بھی طرح سے جائز قرار نہیں دیا جا سکتا۔