پہلو خان کیس ، گواہوں پر فائرنگ کی شکایت بناوٹی: پولیس

جئے پور۔3 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) راجستھان پولیس نے چہارشنبہ کو اس بات کا دعوی کیا کہ پہلو خان لینچنگ کیس کے گواہوں پر فائرنگ کرنے کے انہیں کوئی شواہد نہیں ملے ہیں اور اس شکایت کو فرضی قرار دیا۔ اس لینچنگ کیس کے گواہوں بشمول خان کے دو بیٹوں نے ہفتہ کو الزام عائد کیا تھا کہ جب وہ بہرور ٹائون میں ایک عدالت میں حاضر ہونے کے لیے جارہے تھے تو ان پر نا معلوم افراد نے فائرنگ کی۔ سرکل آفیسر بہرور کوشل سنگھ نے کہا کہ ’’گواہوں پر کوئی فائرنگ نہیں ہوئی اور یہ شکایت بناوٹی ہے۔ اس میں فائرنگ کی قرائن پر مبنی کوئی شہادت نہیں ہے اور شکایت کنندہ کے کہنے کے مطابق اس طرح کی کوئی گاڑی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دکھائی نہیں دی گئی ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ا س مبینہ واقعہ کے بارے میں شکایت سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی لیکن امنہوں نے پولیس کنٹرول روم کو اطلاع نہیں دی۔ وہ لوگ قریبی پولیس اسٹیشن سے رجوع ہونے کے بجائے ایس پی آفس گئے جس سے شبہات پیدا ہوئے ہیں۔ خان کے فرزند ارشاد نے اس معاملہ میں نیمرانا پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی تھی۔ مسٹر سنگھ نے کہا کہ پولیس عدالت میں ایک رپورٹ داخل کرے گی اور جھوٹی شکایت درج کروانے پر شکایت کنندہ کے خلاف قانونی کارروائی بھی کی جائے گی۔ چھ لوگ بشمول خان کے فرزندان ارشاد اور عارف اور ان کے وکیل بہرور میں عدالت کو جارہے تھے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ نامعلوم ملزمین نے جو بغیر رجسٹریشن نمبر پلیٹ کی ایک SUV میں سوار تھے، ان پر فائرنگ کی اور وہاں سے فرار ہوگئے۔